اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل نے عالمی برادری سے پھر اپیل کی ہے کہ’ جموں و کشمیر کا تنازع حل کرانے کے لیے نمایاں اقدامات کیے جائیں‘۔
او آئی سی نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا گیا کہ او آئی سی جموں و کشمیر رابطہ گروپ کا اجلاس بدھ 21 ستمبر کو سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طہ کی صدارت میں نیویارک میں ہوا ہے۔
او آئی سی کے سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 ویں سیشن میں شرکت کے لیے نیویارک میں ہیں۔
سیکریٹری جنرل نے جموں و کشمیر کے موجودہ حالات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ’ اسلامی تعاون تنظیم نے گزشتہ چار عشروں کے دوران حق خودارادیت کے حوالے سے کشمیری عوام کی جدوجہد کی مشترکہ مدد کی ہے‘۔
یہ اجلاس اجلاس انڈیا کے زیرکنٹرول جموں و کشمیر میں یکطرفہ غیرقانونی کارروائی کے تین برس مکمل ہونے پر ہورہا ہے۔
او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسین طہ نے او آئی سی کی جانب سے عالمی برادری سے اپیل کی کہ’ وہ جموں و کشمیر کا تنازع اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کرانے کے لیے ایسے اقدامات کرے جو نظر آئیں‘۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ’ جموں و کشمیر کے تنازع کے حل کے لیے بنیادی اقدام کے طور پر پاکستان اور انڈیا سے بامقصد مکالمہ شروع کریں‘۔
انہوں نے کہا کہ ’بامقصد مکالمے میں پاکستان اور انڈیا کی شمولیت عالمی برادری کی جانب سے تنازع کے حل کے حوالے سے تعمیری عمل ہوگا‘۔