یوم الوطنی پر تمام شہروں میں تقریبات کا آغاز
جمعرات 22 ستمبر 2022 11:53
’تمام شہروں کے پبلک مقامات میں 12 سے زیادہ تقریبات منعقد جاری ہیں‘ ( فوٹو: واس)
سعودی عرب کے 92 ویں یوم الوطنی کی مناسبت سے ملک بھر میں مختلف تقریبات کا آغاز ہوچکا ہے جو 24 ستمبر تک جاری رہیں گے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق تمام شہروں کے پبلک مقامات میں 12 سے زیادہ تقریبات منعقد جاری ہیں۔
تقریبات منعقد کرنے والی کمیٹی نے کہا ہے کہ ’تمام شہروں میں سماجی و تفریحی اور ثقافتی تقریبات کے علاوہ یوم الوطنی کے ضمن میں کئی ایونٹ جاری ہیں جن کا مقصد اس دن کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے‘۔
’مختلف شہروں میں سعودی ثقافت پر مبنی روایتی گانے اور قص کے علاوہ لوکل روایات بھی تقریبات کا حصہ ہیں‘۔
’مختلف شہروں میں کئی طائفے اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے علاوہ ازیں روزانہ 3 تفریحی شو بھی منعقد ہوں گے‘۔
کمیٹی نے کہا ہے کہ ’قومی تقریبات ریاض کے غراسی پارک، جدہ میں پرنس ماجد پارک، دمام میں کنگ عبد اللہ پارک، بریدہ میں کنگ خالد پارک، تبوک میں پرنس فہد پارک اور دیگر شہروں میں مختلف قومی پارکوں میں ہوں گے‘۔