Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’شاہین اپنے خرچے پر علاج کرا رہے ہیں‘ شاہد آفریدی کے بیان پر پی سی بی ’متحرک‘

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ شاہین آفریدی کے علاج کے حوالے سے پی سی بی نے کچھ نہیں کیا (فوٹو: اے پی)
پاکستان کے سابق کرکٹر شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی اپنے خرچے پر انگلینڈ میں گھٹنے کا علاج کروا رہے ہیں، جس کے بعد پی سی بی نے اخراجات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
کرک انفو نے شاہد آفریدی کے سما نیوز چینل کو دیے گیے انٹرویو کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کا کہنا تھا ’میں نے انگلینڈ میں شاہین شاہ آفریدی کے لیے ڈاکٹر کا انتظام کروایا ہے جبکہ ٹکٹ کے علاوہ وہاں قیام کے لیے بھی وہ اپنے پیسے خرچ کر رہے ہیں اور اس حوالے سے پی سی بی کچھ نہیں کر رہا۔‘
رپورٹ کے مطابق اس تبصرے کے بعد پی سی بی نے شاہین شاہ آفریدی سے رابطہ کیا ہے اخراجات ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
تاہم اس سے قبل بی سی بی کی پریس ریلیز میں بتایا گیا تھا کہ ’پی سی بی ہمیشہ کی طرح اپنے کھلاڑیوں کی صحت کا خیال رکھنے اور ضروری علاج کے لیے انتظامات کرتا رہے گا۔‘
اردو نیوز نے اس حوالے سے پی سی بی کا موقف جاننے کی کوشش کی لیکن تاحال رابطہ نہیں ہو سکا ہے۔
 دوسری جانب شاہین شاہ آفریدی کے ٹی 20 ورلڈ میں شمولیت کے امکانات بھی پیدا ہوئے ہیں۔
شاہین آفریدی نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں وہ جم میں ورزش کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
انہوں نے کیپشن میں لکھا کہ ’آلموسٹ دیئر۔‘
کرک انفو کے مطابق شاہین آفریدی جولائی میں سری لنکا کے خلاف ہونے والے ٹیسٹ میچ میں فیلڈنگ کے دوران زخمی ہو گئے تھے۔
انہیں جمعرات کو گلوبل ٹورنامنٹ کے لیے پاکستانی سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے تاہم وہ سہ ملکی مقابلوں میں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 میچوں کا حصہ نہیں ہوں گے۔
شاہین شاہ انجری کے بعد سے مسلسل ٹیم سے باہر ہیں جس سے بورڈ کی اس کارکردگی کے بارے میں بھی سوال اٹھے ہیں جو کھلاڑیوں کی جلد صحت یابی کے لیے کیے جاتے ہیں۔
انہوں نے اگست میں تین ایک روزہ میچ کھیلنے کے لیے ٹیم کے ہمراہ اسی امید میں نیدرلینڈز کا سفر بھی کیا کہ وہ دورے کے دوران صحت یاب ہو جائیں گے تاہم ایسا نہیں ہوا۔
نیدرلینڈز پہنچنے کے بعد ان کے گھٹنے کی سوجن میں اضافہ ہو گیا تھا اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو اعلان کرنا پڑا تھا کہ وہ چار سے چھ ہفتے کوئی میچ نہیں کھیلیں گے۔
تاہم اس کے باوجود وہ اس سکواڈ میں شامل رہے جس نے ایشیا کپ کے لیے متحدہ عرب امارات کا سفر کیا، یہ قدم بھی اسی امید میں اٹھایا گیا تھا کہ شاید وہ تندرست ہو جائیں اور ان کو کھلایا جائے تاہم ایک بار  پھر ایسا نہ ہو سکا اور میڈیکل رپورٹس سے انجری کی مزید تفصیل سامنے آئی اور فیصلہ کیا گیا کہ ان کو مزید علاج کے لیے برطانیہ بھیجا جائے جہاں وہ پی سی بی کے ڈاکٹرز ان کا خیال رکھیں۔
وہ امید ہے کہ15 اکتوبر سے شروع ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل تندرست ہو کر ٹیم کا حصہ بن جائیں گے۔
اسی طرح ایک اور پاکستانی کھلاڑی فخر زمان بھی گھٹنے کے علاج کے لیے لندن روانہ ہونے والے ہیں۔

شاہین شاہ آفریدی کو گلوبل ٹورنامنٹ کے لیے پاکستانی سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

 ان کو ایشیا کپ کے فائنل میں چوٹ لگی تھی، جس کے بعد ورلڈ کپ کے لیے ممکنہ سکواڈ سے باہر ہو گئے ہیں تاہم ان کا نام ان کھلاڑیوں میں شامل ہے جو ٹیم کے ساتھ سفر کریں گے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ’علاج کے دوران فخر زمان پی سی بی کے ڈاکٹرز کی نگرانی میں رہییں گے، جن میں وہ ڈاکٹر امتیاز احمد بھی شامل ہیں جو شاہین آفریدی کا علاج کر رہے ہیں۔‘
پی سی بی کی جانب سے یہ امید بھی ظاہر کی گئی ہے کہ شاہین آفریدی جلد صحت یاب ہوجائیں گے اور ٹی 20 ورلڈ کے لیے پاکستان کی ٹیم میں شامل ہو جائیں گے۔

شیئر: