Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ماں اور بچے کو سڑک عبور کرانے والے سکیورٹی اہلکار کو کچلنے والا ڈرائیور گرفتار

توفیق الکلیب نے بتایا کہ ’پولیس نے اس کے بھائی کو کچلنے والے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا ہے (فوٹو:سکرین گریب)
سعودی عرب میں الشرقیہ کے نائب گورنر شہزادہ احمد بن فہد بن سلمان نے الاحسا کمشنری کی میونسپلٹی کو ایک سڑک فرسٹ سارجنٹ فہد بن سالم الکلیب سے منسوب کرنے کی ہدایت کی ہے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب کی الاحسا کمشنری میں ماں اور بچے کو سڑک عبور کرانے والا سکیورٹی اہلکار خود گاڑی کی ٹکر سے ہلاک ہو گیا تھا۔ سوشل میڈیا پر اس واقعے کی ویڈیو وائرل ہے۔ 
 العربیہ کے مطابق توفیق الکلیب نے بتایا کہ ’پولیس نے اس کے بھائی کو کچلنے والے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا ہے، اس سے پوچھ گچھ جاری ہے۔‘
 توفیق الکلیب کا کہنا تھا کہ ’اس واقعہ میں ملوث ڈرائیور کو معاف کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔ ویسے بھی اس حوالے سے کوئی بھی بات قبل ازوقت ہوگی۔‘ 
الاخباریہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے توفیق الکلیب نے دکھ بھرے لہجے میں کہا کہ ’میرے بھائی نے انسانیت نواز کام کیا تھا لیکن لاپروا ڈرائیور نے میرے بھائی کو ہم سے چھین لیا۔‘ 
توفیق الکلیب نے بتایا کہ ’سیکیورٹی فورس کے اہلکار مسلسل رابطے میں ہیں۔ وزارت داخلہ خود پورے معاملے کو دیکھ رہی ہے۔‘
اس سے قبل سکیورٹی اہلکار کے بھائی توفیق الکلیب نے بتایا تھا کہ ’میرا بھائی فرسٹ سارجنٹ فہد الکلیب ڈیوٹی پر تھا۔ الاحسا کمشنری میں کنگ عبداللہ تفریحی پارک کے قریب کنگ عبداللہ سرکلر روڈ سے ایک ماں اور اس کا بچہ سڑک عبور کرنا چاہتے تھے۔‘
’میرے بھائی نے دونوں کی سڑک عبور کرنے میں مدد کی۔ جب وہ اپنی گاڑی کی طرف واپس جا رہا تھا تو تیز رفتار گاڑی کے نیچے آ گیا۔‘
 ’33 سالہ فرسٹ سارجنٹ فہد الکلیب نے ایک خاندان کی جان بچانے کے لیے اپنی جان قربان کر دی۔ اس نےایک ماں اور بچے کی سلامتی کی خاطر سڑک عبور کرائی تھی۔‘

شیئر: