Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں حکومت پاکستان کے سرکاری ٹوئٹر اکاؤنٹ تک رسائی مسترد

اس سے پہلے بھی انڈیا میں حکومت پاکستان کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بلاک کیا گیا تھا۔ فوٹو: روئٹرز
انڈیا میں حکومت پاکستان کے سرکاری ٹوئٹر اکاؤنٹ تک رسائی مسترد کر دی گئی ہے۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر موجود سرکاری اکاؤنٹ کے پیج پر فراہم کردہ معلومات کے مطابق قانونی مطالبات کے جواب میں اکاؤنٹ تک رسائی مسترد کی گئی ہے۔
اس سے پہلے بھی حکومت پاکستان کا یہ سرکاری اکاؤنٹ انڈیا میں بلاک جا چکا ہے جو بعد میں فعال کر دیا گیا تھا۔
انڈیا کی سرکاری نیوز ایجنسی اے این آئی کے مطابق جولائی میں انڈیا نے متعدد پاکستانی اکاؤنٹس تک رسائی بند کر دی تھی، اسی دوران پاکستان کی حکومت کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بھی بلاک کیا گیا تھا  جو بعد میں فعال ہو گیا تھا۔
ٹوئٹر نے فی الحال اس حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا۔
ٹوئٹر کی ہدایات کے مطابق اس قسم کا اقدام صرف اس صورت میں لیا جاتا ہے جب عدالتی حکمنامے جیسا کوئی قانونی مطالبہ کیا گیا ہو۔
جون کے مہینے میں انڈیا میں ٹوئٹر نے پاکستان کے سفارتخانے کا سرکاری اکاؤنٹ بلاک کیا تھا تھا جبکہ اگست میں یوٹیوب کے 8 نیوز چینلز کو بھی بند کیا گیا تھا جن میں سے ایک پاکستان سے چلایا جا رہا تھا۔ جبکہ ’انڈیا مخالف غلط معلومات‘ پھیلانے پر ایک فیس بک اکاؤنٹ بھی بند کیا گیا۔
انڈین حکومت نفرت انگیز مواد پھیلانے پر ایک سو سے زیادہ یوٹیوب چینل، چار فیس بک پیجز، پانچ ٹوئٹر اکاؤنٹس اور تین انسٹاگرام اکاؤنٹ بند کر چکی ہے۔

شیئر: