Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وزیر خارجہ کی باکو میں آذربائیجان کے صدر سے ملاقات

ملاقا ت میں دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات کا جائزہ لیا گیا ہے( فوٹو ایس پی اے)
 سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے منگل کو آذربائیجان کے صدر الھام حیدر علیوف سے ایوان صدر میں ملاقات کی ہے۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد کی جانب سے خیر سگالی کا پیغام پہنچایا۔ صدر، حکومت اور عوام کے لیے نیک خواہشات اور ترقی و خوشسحالی  کے جذبات پر مشتمل پیغام بھی دیا ہے۔
اس موقع پردونوں ملکوں کے باہمی تعلقات کا جائزہ اور عالمی سطح پر حالات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
آذربائیجان میں متعین سعودی سفیر ڈاکٹر حمد خضیر اور وزیر خارجہ کے دفتر کے ڈائریکٹر جنرل عبدالرحمن الداود بھی اس موقع پرموجود تھے۔ 
علاوہ ازیں سعودی عرب اور آدربائیجان نے منگل چار اکتوبر کو باکو میں سفارتی تعلقات کی 30 ویں سالگرہ پر تقریب کا انعقاد کیا ہے۔
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور آذربائیجان کے ہم منصب نے تقریب میں شرکت کی۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق آذربائیجان کے وزیر خارجہ نے افتتاحی خطاب میں کہا کہ ’ریاض میں ایکسپو 2030 کی میزبانی سے متعلق سعودی عرب کی درخواست کی حمایت کرتے ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ’ سعودی عرب ہر سطح پر مدد کرتا رہا ہے۔ آذربائیجان کی حکومت باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش مند ہے‘۔

سفارتی تعلقات کی 30 ویں سالگرہ پر تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا( فوٹو ایس پی اے)

سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ’ 1992 میں آذربائیجان کی  آزادی کے بعد سے مملکت  ٹھوس بنیادوں پر تعلقات استوار کیے ہوئے ہے۔ سعودی عرب آذربائیجان کو تسلیم کرنے والے اولین ممالک میں سے ایک ہے‘۔
شہزادہ فیصل بن فرحان کا کہنا تھا کہ ’دونوں ملکوں کے سفارتی تعلقات کی 30 ویں سالگرہ کی تقریب ایسے وقت میں ہورہی ہے جبکہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور آذربائیجان کے صدر الھام حیدر علیوف کی قیادت میں دونوں ملکوں کے تعلقات مختلف شعبوں میں فروغ پا رہے ہیں۔ متعدد شعبوں میں ایک دوسرے سے تعاون کیا جا رہا ہے۔‘
’دونوں ملک میں پون بجلی گھر چلانے کا بھی معاہدہ ہے جس سے 240 میگا واٹ بجلی پیدا کی جائے گی۔ یہ پروجیکٹ  300 ملین ڈالر کا ہے‘۔ 

شیئر: