Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ میں ’اغوا‘ ہونے والا انڈین خاندان قتل، بچے سمیت چار لاشیں برآمد

آٹھ ماہ کے بچے اس کے والدین اور چچا کو پیر کو اغوا کیا گیا تھا (فوٹو: اے این آئی)
امریکی ریاست کیلیفورنیا میں انڈیا سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے چار افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ 
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق مذکورہ افراد پیر کو اچانک لاپتہ ہو گئے تھے جس کے بعد ان کے رشتہ داروں نے حکام سے مدد کی درخواست کی تھی۔
مقامی پولیس شیرف نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مرنے والوں میں آٹھ ماہ کا بچہ، اس کے والدین اور چچا شامل ہیں۔
سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے کے بعد ایک 48 سالہ شخص کو گرفتار کیا گیا ہے، جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ وہی ہے جو اغوا ہونے والوں کو ٹرک میں سوار ہونے پر مجبور کر رہا ہے۔
مرسڈ کے پولیس افسر ورن وارنک نے سی این این کو بتایا کہ ’یہ بہت خوفناک ہے۔‘
واردات کا نشانہ بننے والوں کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ بچے کے والدین جیسلین کور اور جسدیپ سنگھ ہیں جبکہ امندیپ سنگھ بھی ان کے ساتھ تھے۔
مرسڈ کے شیرف کا کہنا ہے کہ جس شخص کو حراست میں لیا گیا ہے اس کو 2005 میں ڈکیتی کے جرم میں سزا ہوئی تھی اور یہ ممکن نہیں ہے کہ وہ حالیہ جرم میں اکیلا ہو۔
سی این این نے پولیس کے پاس موجود ویڈیو کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس میں جسدیپ اور امندیپ اپنے ٹرک کے قریب آتے نظر آ رہے ہیں۔ اس وقت جسدیپ کا ایک ایسے شخص سے سامنا ہوتا ہے جو کچرے کی ٹوکری لے کر جا رہا ہے تاہم وہ اسی وقت ٹوکری میں سے اسلحہ نکال لیتا ہے۔‘
اس کے بعد ویڈیو میں دونوں کے ہاتھ پیچھے بندھے ہوئے دکھائی دیتے ہیں اور ان کو زبردستی ٹرک پر چڑھایا جاتا ہے۔ اس کے بعد اسلحہ بردار شخص اندر داخل ہوتا ہے جہاں جیسلین بچے کے ساتھ موجود ہیں اور ان کو بھی لے جاتا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد پیر کو ایک شخص کو مغویوں کے موبائل فونز ایک سڑک پر پڑے ہوئے ملے تھے۔
جسدیپ اور امندیپ کے والدین ڈاکٹر رندھیر سنگھ اور کیپرال کور ہوشیار پور کے گاؤں ہرسی پنڈ سے تعلق رکھتے ہیں۔

شیئر: