بلوچستان کے ضلع جعفرآباد میں سیلاب متاثرین میں راشن کی تقسیم کے دوران بد نظمی کے نتیجے میں دو بچوں کا باپ ہلاک ہوگیا۔
ورثا نے ہلاکت کا ذمہ دار پولیس کو قرار دیتے ہوئے لاش سڑک پر رکھ کر احتجاج کی اور مطالبہ کیا کہ ایس ایچ او اور پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔
جعفرآباد بلوچستان میں سیلاب سے سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع میں سے ایک ہے جہاں دوماہ گزرنے کے باوجود بھی بیشتر علاقوں میں سیلاب کا تین سے چار فٹ پانی کھڑا ہے۔ ہزاروں لوگ دو ماہ گزرنے کے باوجود بھی سڑکوں پر خیموں میں رہنے پر مجبور ہیں۔
مزید پڑھیں
-
لاہور میں بینک سے رقم نکوالنے والے ہی ڈاکوؤں کے نشانے پر کیوں؟Node ID: 706631
-
جامشورو میں بس اور ٹرک کے درمیان تصادم، 10افراد ہلاک، 17 زخمیNode ID: 706796
حکام کے مطابق سیلاب سے ضلع کی تین لاکھ سے زائد آبادی متاثر ہے جبکہ دو ماہ میں 30 سے زائد ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔
جعفرآباد پولیس کے ڈی ایس پی خاوند بخش نے اردو نیوز کو ٹیلیفون پر بتایا کہ جمعرات کو جعفرآباد کے علاقے کیٹل فارم میں ایک غیر سرکاری فلاحی تنظیم کی جانب سے سیلاب متاثرین میں راشن کی تقسیم کے دوران اس وقت بد نظمی پیدا ہوگئی جب مطلوبہ تعداد سے زائد لوگ جمع ہوگئے۔
ڈی ایس پی کے مطابق سات سوافراد کو ٹوکن جاری کیے گئے تھے مگر وہاں دو ہزار سے زائد لوگ پہنچ گئے تھے جنہیں ٹوکن نہیں ملا تھا ان میں سے بعض لوگوں نے لوٹ مار کی کوشش کی۔
ڈی ایس پی کے بقول ’اس سے پہلے بھی لوٹ مار کے کئی واقعات ہوچکے تھے اس لیے پولیس اہلکار بھی تعینات کئے گئے تھے۔ لوٹ مار کو روکنے کے لیے پولیس اہلکاروں نے ہوائی فائر کیا جو دیوار پر بیٹھے ایک نوجوان کو لگی جس سے وہ زخمی ہوا ۔ ہسپتال پہنچانے کے بعد وہ دم توڑ گیا۔‘
مرنے والے 22 سالہ نوجوان کی شناخت نوریز مستوئی کے نام سے ہوئی ہے جو گوٹھ نظام مستوئی کا رہائشی تھا۔
مقتول کے رشتہ دار لیاقت مستوئی نے اردو نیوز کو بتایا کہ پولیس کا مؤقف جھوٹا ہے۔
نوریزئی مستوئی کو راشن کا ٹوکن ملا ہوا تھا اور وہ دیوار پر نہیں بلکہ چار دیواری کے اندر زمین پر بیٹھا ہوا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں نے سیلاب متاثرین پر لاٹھی چارج کیا اور پھر گولیاں چلائیں اس میں سے ایک گولی نوریز کی ریڑھ کی ہڈی میں لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ 22 سالہ نوریز کا تعلق انتہائی غریب گھرانے سے تھا اس کے دو چھوٹے بچے تھے اوروہ کھیتی باڑی کرکے گزارا کرتے تھے۔
![](/sites/default/files/pictures/October/36511/2022/whatsapp_image_2022-10-06_at_21.57.26.jpeg)