Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طائف میں گھڑ دوڑ کا سیزن ختم ، ریاض جانے کی تیاری

طائف کے خوشگوار موسم میں مملکت بھر سے گھڑسواراس جانب رخ کرتے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
طائف کے کنگ خالد ریس کورس میں رواں سال کی موسم گرما میں گھڑ دوڑ کے مقابلوں کے سیزن کا اختتام ہو گیا ہے۔
سعودی عرب کے مغربی ریجن میں سطح سمندر سے تقریبا 1900 میٹر بلند پہاڑوں پر واقع شہر طائف موسم گرما میں گھڑ دوڑ کے لیے بہترین مقام ہے۔

مختلف گھڑ دوڑ میں 8.8 ملین ڈالر مالیت کے انعامات رکھے گئے تھے۔ فوٹو عرب نیوز

ہر سال جون کے وسط سے اکتوبر کے اوائل تک طائف کے خوشگوار موسم میں پورے سعودی عرب سے گھڑسواری اور گھڑ دوڑ سے جڑے مالکان، ٹرینر اور جوکی اس جانب رخ کرتے ہیں۔
رواں سا ل طائف میں ہونے والی مختلف گھڑ دوڑ کا آغاز 16 جون سے ہوا، اس سیزن میں ہونے والی گھڑ دوڑ تعداد کے لحاظ سے 2021 میں ہونے والی دوڑ سے دوگنا زیادہ تھیں۔
رواں سیزن میں گھڑ دوڑ کے کئی نئے مقابلے شامل کئے گئے جن میں پرنس عبداللہ الفیصل کپ برائے خالص نسل کے عربی گھوڑوں اور نیشنل ڈے کپ جس میں طائف ڈربی، طائف سپرنٹ کپ اور طائف عربین ہارسز ڈربی شامل ہیں۔
طائف سیزن کے دوران ہونے والی گھوڑوں کی مختلف ریس میں 8.8 ملین ڈالر مالیت کے انعامات رکھے گئے تھے۔

گھڑ دوڑ ٹریک پر زمین کا بہترین  ہموار ہونا انتہائی اہم ہے۔  فوٹو عرب نیوز

اس موقع پر  گھڑ دوڑکے جوکی کلب سعودی عرب کے ڈائریکٹر سلیم بن محفوظ نے بتایا ہے کہ 2022 میں کنگ خالد ریس کورس میں طائف ریسنگ سیزن میں نئے شامل ہونے والوں کے لیے توسیع کی گئی۔
مختلف کیٹیگریز میں ریس کے علاوہ انعامی رقم میں نمایاں اضافے کے سبب  مملکت میں موجود بہترین گھوڑوں کو اس منفرد ریس کورس میں دیکھا گیا۔
واضح رہے کہ طائف کے کنگ خالد ریس کورس نے حالیہ سیزن کے لیے نمایاں خدمات انجام دی ہیں جن میں غروب آفتاب کے بعد ہونے والی گھڑ دوڑ کے لیے فلڈ لائٹ کا انتظام ، گھوڑوں کی صحت کی جانچ کے سنٹر اور قرنطینہ سنٹر کے علاوہ ٹریک کو بھی تین قسم کی ریت کے ساتھ  مزید بہتر کیا گیا ہے۔

سعودی کپ میں 35.35 ملین ڈالر کے انعامات پیش کئےجائیں گے۔ فوٹو عرب نیوز

اس موقع پر بات کرتے ہوئے سعودی عرب کے جوکی کلب کے چیف مارشل ڈیوڈ راجرز نے بتایا کہ جس ٹریک پر گھوڑے دوڑتے ہیں وہاں کی زمین کا بہترین انداز میں ہموار ہونا انتہائی اہم ہے۔
طائف سیزن کے اختتام کے ساتھ ہی اب ختم ہونے کے ساتھ ہی مملکت  کی گھڑ سوار برادری سرمائی ریسنگ سیزن کے لیے ریاض  جائے گی جہاں شہر کے شمال میں واقع کنگ عبدالعزیز ریس کورس ٹریک پر منعقد ہوگی۔
ریاض سیزن میں ہونے والی گھڑ دوڑ میں سب سے اہم سعودی کپ ہے۔ ان مقابلوں کا باقاعدہ آغاز2020 میں کیا گیا تھا۔ سعودی کپ میں گھڑ دوڑ کے مقابلوں کے لیے اس سال 35.35 ملین ڈالر کے انعامات پیش کئے جائیں گے۔
 

شیئر: