Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قطر فٹبال ورلڈ کپ میچ دیکھنے والے مہم جو شائقین

’کچھ شائقین مختلف طرز اختیار کرتے ہوئے عالمی مقابلے کا حصہ بننا پسند کرتے ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
قطر میں فٹبال ورلڈ  کی تیاریاں عروج پر ہیں جہاں نومبر کو عالمی مقابلے ہوں گے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق توقع کی جارہی ہے کہ فٹبال میچ دیکھنے کے لیے 12 لاکھ شائقین دوحہ پہنچیں گے۔
ایسے میں کچھ  شائقین ایسے بھی ہیں جو زیادہ انفرادیت حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ وہ دیگر شائقین سے مختلف طرز اختیار کرتے ہوئے عالمی مقابلے کا حصہ بننا پسند کرتے ہیں۔
ان منفرد لوگوں میں سعودی نوجوان عبد اللہ السلمی بھی ہیں جنہوں نے جزیرہ عرب کو قطر تک پیدل عبور کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے جدہ سے دوحہ تک 1600 کلو میٹر کی مسافت پیدل طے کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے جبکہ وہ پورے سفر کو اپنے سنیپ چیٹ پر شیئر کرتے ہیں۔
اسی طرح ہسپانوی شائق سانیاگو بھی ہیں جو میڈرڈ سے یورپ عبورکرتے ہوئے ترکی تک پہنچے ہیں۔
انہوں نے بھی پورا سفر پیدل چلنے کا فیصلہ کر رکھا ہے اور اس سفر کا آغاز جنوری سے کیا ہے جبکہ اپنا خیمہ ساتھ لائے ہیں اور جہاں رات ہوتی ہے وہاں سوجاتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ اتنی بڑی مسافت طے کرنا معمولی بات نہیں مگر راستے بھر میں منفرد تجربے آگے بڑھنے پر اکساتے ہیں۔
اسی طرح فرانس سے تعلق رکھنے والے دو شائقین مہدی بامیسا اور گابرل ماگاتن ہیں جنہوں نے پیرس سے دوحہ تک سائیکل پر سفر کرنے کا فیصلہ کر رکھا ہے۔
انہوں نے 20 اگست کو پیرس سے سفر کا آغاز کیا ہے اور یورپ سے ہوتے ہوئے ترکی پہنچیں گے۔
پرتگال کے شائق کارلس پرم نے فٹبال ورلڈ کے میچ دیکھنے کے لیے ٹرک پر سفر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وہ اپنے ملک سے 12 ہزار کلو میٹر کی مسافت طے کرکے دوحہ پہنچیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ ایسا کریسٹیانو رونالڈو کی خاطر کر رہے ہیں۔
ارجنٹائن سے 7 شائقین ایسے بھی ہیں جنہوں نے موٹر سائیکل پر سفر کا فیصلہ کر رکھا ہے اور وہ 15 ممالک سے ہوتے ہوئے دوحہ پہنچیں گے۔
 

شیئر: