شاہ فیصل کے 1932 میں دورہ پولینڈ کی تصویری نمائش کا افتتاح
شاہ فیصل کے 1932 میں دورہ پولینڈ کی تصویری نمائش کا افتتاح
بدھ 12 اکتوبر 2022 17:30
پولینڈ سعودی عرب کے بڑے تجارتی شراکت داروں میں سے ایک ہے۔ فوٹو عرب نیوز
کنگ فیصل سینٹر فار ریسرچ اینڈ اسلامک سٹڈیز کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین شہزادہ ترکی الفیصل نے منگل کو پولینڈ میں 1932 میں شاہ فیصل کے دورے کی 90 ویں سالگرہ کی یاد میں فوٹو گرافی کی نمائش کا افتتاح کیا۔
عرب نیوز کے مطابق پولینڈ کے شہر کراکو میں جیگیولونین یونیورسٹی کے ریکٹر جیک پوپائل کے علاوہ سفارت کاروں، دانشوروں اور مختلف ثقافتی شعبوں اور میڈیا ماہرین و دیگر حکام نے اس تقریب میں شرکت کی۔
کنگ فیصل سینٹر فار ریسرچ اینڈ اسلامک سٹڈیز اور جیگیولونین یونیورسٹی کے مشترکہ تعاون سے یہ نمائش یونیورسٹی کے کیمپس میں 21 اکتوبر تک جاری رہے گی۔
یادگاری تصاویر کی یہ اہم نمائش 27 مئی 1932 کو شاہ فیصل کے دورے کی یاد میں منعقد کی گئی ہے، اس دورے میں شاہ فیصل کا استقبال پولینڈ کے مارشل جوزف پلسوڈسکی اور صدر اگنیسی موسکی نے کیا تھا۔
اس تصویری نمائش میں ایسی نایاب فوٹوز رکھی گئی ہیں جن سے سعودی عرب اور پولینڈ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی اور گہرائی کا اندازہ ہوتا ہے۔
تصویری نمائش کے آغاز کے موقع پر منعقد ہونے والی کانفرنس میں یونیورسٹی کے ریکٹر نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر اظہار خیال کرتے ہوئے بتایا کہ پولینڈ مملکت کے بڑے تجارتی شراکت داروں میں سے ایک ہے۔
اس موقع پر شہزادہ ترکی الفیصل نےکہا کہ سعودی عرب اور پولینڈ تعلقات کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کے ساتھ ساتھ عرب اور یورپی برادری کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مشترکہ کوششوں کو بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔
تحقیق، فکری سرگرمیوں اور ثقافت سے وابستہ اداروں کا سب سے بڑا فرض یہ ہے کہ دنیا کو امید سے بھرپور اور باوقار زندگی کے لیے خوش آئند جگہ بنائیں۔
شہزادہ ترکی الفیصل نے پولینڈ کی یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ آف اورینٹل سٹڈیز اور کنگ فیصل سینٹر فار ریسرچ اینڈ اسلامک سٹڈیزکے ساتھ ساتھ سعودی عرب اور پولینڈ میں تحقیقی مراکز، یونیورسٹیوں اور دیگر تحقیقی اداروں کے درمیان علم کے تبادلے اور سائنسی تحقیق کو بہتر بنانے کی مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔
کنگ فیصل سینٹر فار ریسرچ اینڈ اسلامک سٹڈیز کی جانب سے پولینڈ کی یونیورسٹیوں میں عرب سٹڈیز کے شعبہ جات کے ساتھ تعاون کا خیرمقدم کیا جاتا ہے۔