ماں کے ہاتھوں بچی کا قتل، پاکستانی فوج کی قطر روانگی، ڈالر اور ریال خریدنے کے لیے دستاویزات سمیت گذشتہ ہفتے پاکستان کی خبریں
ماں کے ہاتھوں بچی کا قتل، پاکستانی فوج کی قطر روانگی، ڈالر اور ریال خریدنے کے لیے دستاویزات سمیت گذشتہ ہفتے پاکستان کی خبریں
ہفتہ 15 اکتوبر 2022 0:15
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
فٹبال ورلڈ کپ کی میزبانی اس بار قطر کررہا ہے۔ (فوٹو: روئٹرز)
پاکستان میں گذشتہ ہفتے کوئٹہ میں شوہر کے ہاتھوں بیوی کا قتل، ڈالر اور ریال خریدنے کے لیے مطلوب دستاویزات، پنجاب کے وزیر داخلہ کا استعفیٰ، مستونگ میں ماں کے ہاتھوں کمسن بیٹی کا قتل، سندھ میں نئے گورنر کی تقرری اور فیفا ورلڈ کپ کی سکیورٹی کے لیے پاکستانی فوجی اہلکاروں کی قطر روانگی جیسی خبریں صارفین کی دلچسپی کا مرکز رہیں۔
آمنہ کے خاندان کے مطابق شادی سے پہلے وہ ملزم اور ان کے اہلخانہ کو نہیں جانتے تھے۔ (فوٹو: سحرش)
’بیٹی کو پھولوں کی طرح پالا، شوہر نے نماز پڑھتے ہوئے قتل کر دیا‘
’ہم نے بیٹی کو پھولوں کی طرح پالا لیکن اس کے ظالم شوہر نے اسے اس وقت گولی مار کر قتل کر دیا جب وہ نماز پڑھ رہی تھی۔‘
یہ الفاظ کوئٹہ کی رہائشی نسیم بی بی کے ہیں جن کی 20 سالہ بیٹی آمنہ کو ان کے شوہر نے مبینہ طور پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا ہے۔
آمنہ سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی کی طالبہ تھی۔ یونیورسٹی کی طالبات نے پیر کو واقعے کے خلاف احتجاج کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم یونیورسٹی کی انتظامیہ نے یونیورسٹی کی حدود میں احتجاج کی اجازت نہیں دی۔
کیش کی شکل میں ادائیگی کرکے صرف دو ہزار سے کم ڈالرز کے برابر فارن کرنسی خریدی جا سکتی ہے۔
ڈالر اور ریال خریدنے کے لیے کون سی دستاویزات ضروری؟
سٹیٹ بینک کی جانب سے اوپن مارکیٹ سے ڈالر خریدنے پر پابندیاں مزید سخت کر دی گئی ہیں اور منی ایکسچینجرز کو دی جانے والی نئی ہدایات کے تحت اب دو ہزار ڈالر کی مالیت سے زائد کوئی بھی دیگر غیر ملکی کرنسی خریدنے کے لیے شناختی کارڈ کے علاوہ بینک سٹیٹمنٹ، ویزا، ٹکٹ یا دیگر دستاویزات دینا لازمی ہوں گی۔
کرنسی ڈیلرز کے مطابق گزشتہ دنوں سٹیٹ بینک کے ایکسچینج پالیسی ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے اوپن مارکیٹ سے ڈالر خریدنے والوں کے لیے نئی ہدایات جاری کی گئی ہیں جس کے باعث اب عام آدمی کے لیے بغیر وجہ ڈالرز خریدنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے۔
اردو نیوز کے رابطہ کرنے پر سٹیٹ بینک کے ترجمان عابد قمر کا کہنا تھا کہ سٹیٹ بینک ملک میں ڈالرز کی کمی کی وجہ سے اس امر کو یقینی بنا رہا ہے کہ ڈالرز یا غیر ملکی کرنسی صرف ان افراد کو دی جائے جن کو اس کی حقیقی ضرورت ہے۔
ہاشم ڈوگر نے شہباز گل پر جیل میں تشدد ہونے کی تردید بھی کی تھی۔ (فوٹو: اردو نیوز)
پنجاب کے وزیر داخلہ ہاشم ڈوگر نے استعفٰی دیا یا ان سے لیا گیا؟
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے وزیر داخلہ ہاشم ڈوگر نے اپنے عہدے سے استعفٰی دے دیا ہے۔ منگل کو ٹویٹر پر جاری کیے گئے ہاتھ سے لکھے اپنے استعفے میں انہوں نے کہا ہے کہ ’ذاتی وجوہات‘ اور ’صحت کے مسائل‘ کے پیش نظر وہ اس منصب پر مزید کام نہیں کر سکتے۔
انہوں نے اپنا استعفٰی وزیراعلٰی پنجاب پرویز الہی کو بھیجا ہے۔ وزیراعلٰی ہاؤس نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وزیر داخلہ کا استعفٰی انہیں موصول ہو گیا ہے۔
کرنل ریٹائرڈ ہاشم ڈوگر نے استعفٰی ایسے وقت میں دیا ہے جب ان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) وفاقی حکومت کے خلاف لانگ مارچ کا اعلان کرنے والی ہے۔
لاپتہ بیٹی کی قاتلہ ماں نکلی،’شوہر بیٹی سے پیار کرتا تھا بدلہ لینے کیلئے مارا‘
بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے غزگی کی رہائشی سات سالہ لاریب ساڑھے چار ماہ قبل اچانک لاپتہ ہوگئی، گھر والوں نے کافی ڈھونڈا، پولیس نے ہمسایہ، رشتہ داروں حتیٰ کہ لاریب کے دادا اور چچا کو بھی حراست میں لے کر تفتیش کی مگر کوئی سراغ نہ مل سکا۔
جب تلاش کی ہرممکن کوشش ناکام ہوگئی تو پولیس نے لاریب کی والدہ سے بھی پوچھ گچھ کرنے کا فیصلہ کیا اور بالآخر چار ماہ اور 19 دن بعد پولیس کو بچی کا سراغ مل گیا مگر وہ زندہ نہ تھی اور اس کی لاش بھی گل سڑچکی تھی۔
پولیس کے مطابق لاریب کو اس کی اپنی ہی سگی والدہ نے گھر کے اندر تین سو فٹ گہرے کنویں (ٹیوب ویل) میں دھکا دے کر قتل کیا اور پھر معاملے کو چھپانے کی خاطر بیٹی کی گمشدگی اور ہمسایہ پر اغوا کا الزام لگایا۔
ایک ہزار سی سی سے کم ہارس پاور کی گاڑیوں کی فروخت میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔ (فوٹو: روئٹرز)
پاکستان میں گاڑیوں کی فروخت میں 50 فیصد کمی، وجوہات کیا ہیں؟
پاکستان میں مقامی سطح پر اسمبل ہونے والی گاڑیوں کی فروخت میں رواں برس 50 فیصد تک کمی کا انکشاف ہوا ہے۔
کار اسمبلرز کا کہنا ہے کہ ملک میں سیلابی صورتحال کی وجہ سے گاڑیوں کی فروخت میں کمی رپورٹ ہو رہی ہے۔ جبکہ پاکستان میں سی کے ڈی کی درآمد پر عائد پابندیوں کی وجہ سے مقامی سطح پر گاڑیوں کی اسمبلنگ متاثر ہوئی ہے۔