کانگریس کی صدارت گاندھی فیملی سے نکل گئی، ملک ارجن کھرگے صدر منتخب
کانگریس پارٹی میں صدارت کے لیے دو امیدوار آمنے سامنے تھے (فوٹو: روئٹرز)
انڈیا کی اپوزیشن جماعت کانگریس میں تقریباً 25 برس بعد نہرو گاندھی فیملی سے باہر پارٹی صدارت کے لیے الیکشن ہوئے ہیں جن میں ملک ارجن کھرگے کو منتخب کرلیا گیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق راہل گاندھی اور ان کی والدہ سونیا گاندھی کی قیادت کے باوجود کانگریس کو گذشتہ دو عام انتخابات میں بی جے پی کے ہاتھوں شکست ہوئی۔
کانگریس پارٹی میں صدارت کے لیے دو امیدوار آمنے سامنے تھے جن میں سے ایک 80 سالہ ملک ارجن کھرگے تھے جنہیں پارٹی قیادت سمیت بہت سے پارٹی ممبرز کی حمایت حاصل تھی۔
دوسرے امیدوار 66 برس کے ششی تھرور تھے جنہوں نے تین دہائیوں تک اقوام متحدہ میں کام کیا اور 2009 میں کانگریس سے منسلک ہوئے۔
کانگریس میں تبدیلی کے باوجود امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی تیسری مرتبہ 2024 کے عام انتخابات بھی جیت جائے گی۔
سینٹر فار پالیسی ریسرچ کی سینیئر عہدیدار نیلن جان سِرکار کا کہنا ہے کہ ’کانگریس میں یہ تبدیلی پارٹی کے لیے اہم ہے۔‘
راہل گاندھی نے 2019 میں یہ عہدہ چھوڑ دیا تھا اور اس کے بعد ان کی والدہ سونیا گاندھی نگران صدر کے طور پر فرائض انجام دے رہی تھیں، تاہم پارٹی کے سینیئر رہنما سونیا گاندھی کی قیادت سے مطمئن نہیں تھے۔
راہل گاندھی نے الیکشن نتائج کے بعد کہا کہ ’کانگریس کا صدر سپریم اتھارٹی ہے اور سب انہی کو رپورٹ کریں گے۔‘