اماراتی سفیر کی جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات
جمعرات 20 اکتوبر 2022 16:32
متحدہ عرب امارات کے پاکستان میں سفیر حمد عبيد ابراهيم سالم الزعابی نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی ہے۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق جمعرات کو جی ایچ کیو میں ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ دفاع، سکیورٹی تعاون اور علاقائی سکیورٹی کی صورتحال پر بات ہوئی۔
آرمی چیف نے کہا کہ ’پاکستان متحدہ عرب امارات کے عالمی اور علاقائی معاملات میں کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہم اپنے دو طرفہ تعلقات کو وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔‘
دونوں فریقین نے دوستانہ تعلقات اور پائیدار تزویراتی شراکت داری کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔
اماراتی سفیر نے پاکستان میں سیلاب سے پیدا ہونے والی تباہ کن صورتحال پر افسوس کا اظہار کیا اور ہلاک ہونے والے افراد کے ورثا سے تعزیت کی، اور متاثرین کی جلد از جلد بحالی کی امید ظاہر کی۔
چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سیلاب متاثرین کے لیے متحدہ عرب امارات حکومت کی طرف سے فراہم کردہ غیرمعمولی مدد کو سراہا۔
اماراتی سفیر حمد عبيد ابراهيم سالم الزعابی نے علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عزم کیا۔