وزٹ ویزے پرآنے والوں کو ایک برس تک گاڑی چلانے کی اجازت ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ وزٹ ویزوں پرمملکت آنے والے انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس ہولڈرز کومملکت میں گاڑی چلا نے کی اجازت ہے۔
سبق نیوز کے مطابق ٹریفک پولیس کے ٹوئٹرپرایک شخص کی جانب سے دریافت کیا گیا تھا کہ ’وزٹ ویزے پرمملکت آنے والے جن کے پاس انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس ہووہ گاڑی چلا سکتے ہیں؟‘
سوال کے جواب میں ادارہ ٹریفک پولیس کا کہنا تھا کہ وزٹ ویزے پرسعودی عرب آنے والے زائرین کو کارآمد انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس پرگاڑی چلانے کی اجازت ہے تاہم انہیں چاہئے کہ وہ قوانین پرسختی سے عمل کریں۔
ٹوئٹرپرادارہ ٹریفک سے مزید دریافت کیا گیا کہ ’انٹرنیشنل ڈرائیونگ رکھنے والے وزٹرز کے لیے ڈرائیونگ کی مدت متعین کی گئی ہے یا جب تک انکا قیام ہے وہ انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس استعمال کرسکتے ہیں؟‘
سوال پرادارہ ٹریفک پولیس کی جانب سے کہا گیا کہ ایسے وزٹرز جن کا ویزہ ایک برس کا ہوتا ہے انہیں انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس پرویزے کی مدت تک یا ڈرائیونگ لائسنس کی انتہائی مدت تک مملکت میں گاڑی ڈرائیوکرنے کی اجازت ہوتی ہے۔
ٹریفک سنگل خلاف ورزی پر3 ہزار ریال کا چالان ہوتا ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
واضح رہے مملکت میں فیملی وزٹ ویزے دوطرح کے جاری ہوتے ہیں ایک سنگل انٹری جبکہ دوسرا ملٹی انٹری ویزہ ہوتا ہے۔ سنگل انٹری ویزے کی انتہائی حد 6 ماہ جبکہ ملٹی انٹری کی ایک برس ہوتی ہے تاہم اس ویزے پرآنے والوں کو 180 دن بعد مملکت سے ایگزٹ کرنا ہوتا ہے۔
خیال رہے ادارہ ٹریفک پولیس کی جانب سے ڈرائیونگ کے ضوابط مقرر ہیں جن کے مطابق کسی دوسرے شخص کی گاڑی چلانے کے لیے ادارہ ٹریفک سے این اوسی جاری کرانا ہوتا ہے۔ این اوسی ابشراکاونٹ سے باسانی جاری کرایا جاسکتا ہے۔
وزٹ ویزے پرآنے والے افراد کے لیے کرایے کی گاڑی حاصل کرنے کی سہولت بھی موجود ہوتی ہے جو انکے پاسپورٹ نمبرپرجاری کی جاتی ہے۔
وزٹ ویزے پرآنے والوں کو چاہئے کہ ڈرائیونگ کے مقامی قوانین پرسختی سے عمل کریں کیونکہ یہاں ٹریفک سنگل خلاف ورزی پر3 سے 6 ہزار ریال تک جرمانہ ہوتا ہے۔