سعودی ولی عہد کی جانب سے ’گرین انیشیٹیو‘ کے دوسرے مرحلے کا اعلان
جمعرات 20 اکتوبر 2022 18:47
انیشیٹیو کا دوسرا مرحلہ آئندہ ماہ مصر کے شہر شرم الشیخ میں منعقد ہوگا (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ ’گرین مشرق وسطیٰ انیشیٹیو سمٹ کا دوسرا ایڈیشن 7 نومبر اور گرین سعودی عرب انیشیٹو فورم 11 اور 12 نومبر کو مصر کے ساحلی شہر شرم الشیخ میں منعقد کیا جائے گا۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ ’دونوں پروگراموں کی اپنے یہاں میزبانی پر مصری صدر عبدالفتاح السیسی اور مصری حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں، دونوں پروگرام موسمیاتی تبدیلی سے متعلق اقوام متحدہ کی کانفرنس کے ساتھ ایک چھت تلے منعقد ہوں گے۔‘
سعودی ولی عہد نے توجہ دلائی کہ ’ہم یہ کام ملکی، علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر مشترکہ جدوجہد کے تحت انجام دے رہے ہیں، سعودی عرب اور مصر خطے سمیت دنیا بھر کو درپیش موسمی و ماحولیاتی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے مشترکہ جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں۔‘
گرین مشرق وسطیٰ انیشیٹیو کی پہلی سمٹ کی میزبانی گذشتہ برس ریاض میں ہوئی تھی۔ 2021 کی کامیابی کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے گرین مشرق وسطیٰ ایشیٹیو سمٹ کا دوسرا ایڈیشن خطے کو درپیش ماحولیاتی چیلنجوں اور عالمی سطح پر اس کے اثرات کو اجاگر کرے گا۔
اس موقعے پر مشترکہ تعاون کو فروغ ملے گا، تجربات کا تبادلہ ہوگا، متعلقہ ممالک کے وزرا و سربراہوں اور خطے کے پالیسی سازوں کے مابین افکار پرغور کیا جائے گا جس کی بدولت گرین اکانومی کی طرف تبدیلی اور آنے والی نسلوں کے لیے پائیدار مستقبل کی تشکیل میں بہتری آئے گی۔
سرسبز سعودی انیشیٹیو فورم میں رواں برس ممتاز ماہرین، دانشور اور مقررین اظہار خیال کریں گے۔ انیشیٹیو کا مقصد آئندہ عشروں کے دوران مملکت بھر میں 10 ارب پودے اگانے اور مملکت کے مجموعی رقبے کے 30 فیصد حصے کو سبزہ زاروں میں تبدیل کرنا ہے جس کا بڑا مقصد 2030 تک کاربن کے اخراج میں سالانہ 278 ملین ٹن کی کمی لانا ہے۔