عالمی منڈیوں کی تیل ضروریات پوری کررہےہیں ،عادل الجبیر
جمعرات 20 اکتوبر 2022 20:00
سعودی وزیر مملکت برائے امورخارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ مملکت کئی عشروں سے عالمی منڈیوں کے استحکام اورتیل کی ضروریات کو پوری کررہا ہے۔
’اقتصاد الشرق ‘ اخبار کوخصوصی انٹرویو دیتے ہوئے عادل الجبیر نے مزید کہا کہ سعودی عرب تیل پیدا کرنے اورخریدنے والے ممالک کے مفادات کے لیے یکساں طریقے سے کام کررہا ہے ۔
الجبیر نے کہا کہ مملکت کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ تیل منڈیوں میں اتار چڑھاو سے بچا جائے۔ یہ ماحول سرمایہ کاروں کی استعداد متاثرکرتا ہے اورمالیاتی اداروں کو اس شعبے میں قرضوں کی فراہمی کے حوالے سے ترد میں مبتلا کردیتا ہے۔
الجبیر نے مزید کہا کہ مذکورہ حوالوں سے مملکت کی پالیسی غیر متزلزل ہے، تاریخ اس کی شاہد ہے۔ آنے والے عشروں کے دوران دنیا بھرمیں چٹانوں سے نکالاجانے والا پیٹرول سب سے اہم ہوگا۔
الجبیر نے کہا کہ تجدد پذیر توانائی عالمی ضرورتیں پوری کرسکتی ہےجبکہ پیٹرول اس پوزیشن میں نہیں۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ سعودی عرب تیل پیداوار کے حوالے سے مخصوص حد سے آگے نہیں جاسکتا ۔
انہوں نے واضح کیا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان پہلے ہی یہ بات واضح کرچکے ہیں کہ 2027 تک تیل پیداوار کی یومیہ انتہائی حد 13 ملین بیرل ہوگی۔