Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 سعودی عرب اور چین آئل مارکیٹ میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے تعاون کریں گے

سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان اور چین میں قومی توانائی کے اعلی عہدیدار نے جمعے کو وڈیو لنک کے ذریعے ملاقات کے دوران آئل مارکیٹ میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے مشترکہ کوششوں کا عزم ظاہر کیا۔ 
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق  رابطے میں کہا گیا کہ’ سعودی عرب اور چین بین الاقوامی سطح پر تیل پیدا کرنے اور خریدنے والے اہم ملک ہیں۔ اس حیثیت سے دونوں کے درمیان خیالات کا مسلسل تبادلہ ضروری ہے‘۔ 
دونوں ملکوں نے کہا کہ وہ آئل مارکیٹ میں استحکام برقرار رکھنے کے حوالے سے تعاون کرتے رہیں گے۔ مستقبل میں پیش آنے والے چیلنجوں سے نمٹنے کی تدابیر مل  کر کریں گے۔ 
مملکت اور چین نے اس امر پر زور دیا کہ ’طویل المیعاد محفوظ تیل رسد آئل مارکیٹ کے استحکام کا باعث بنے گی۔ آئل مارکیٹ موجودہ حالات میں بے یقینی کی صورتحال سے دوچار ہے‘۔
فریقین نے اس اعتماد کا اظہار کیاکہ’ سعودی عرب چین کو خام تیل کی رسد کے حوالے سے قابل اعتبار فریق ہے‘۔ 
دونوں ملکوں کے عہدیداروں نے چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انشیٹو سے متعلق ممالک میں تعاون و مشترکہ سرمایہ کاری، انٹیگریٹڈ ریفائننگ اور پیٹروکیمیکل کمپلیکس میں سرمایہ کاری اور چینی فیکٹریوں کا ریجنل سینٹر قائم کرکے توانائی کی رسد میں تعاون کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
فریقین نے طے کیا کہ’ دونوں ملک توانائی کے  پرامن استعمال کے سلسلے میں باہمی تعاون کے معاہدے کے تحت مل کر کام کریں گے‘۔  
سعودی عرب اور چین نے بجلی اور تجدد پذیر توانائی نیز ماحول دوست ہائیڈروجن کے شعبے میں تعاون کی اہمیت سے اتفاق کیا اور کہاکہ ریسرچ اور ڈیولپمنٹ کے ذریعے یہ کام انجام دیے جائیں گے۔

شیئر: