Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

علیزے سلطان پر ’تشدد‘، اقرا عزیز کا فیروز خان کے ساتھ کام کرنے سے انکار

اقرا عزیز اور فیروز خان ڈرامہ ’خدا اور محبت‘ میں اداکاری کرچکے ہیں۔ (فائل فوٹو: انسٹاگرام/اقرا عزیز)
پاکستانی اداکارہ اقرا عزیز نے اداکار فیروز خان پر اپنی سابقہ اہلیہ علیزے سلطان پر تشدد کرنے کے الزامات لگنے کے بعد ان کے ساتھ کام کرنے سے انکار کردیا ہے۔
بدھ کو اپنی ایک انسٹاگرام پوسٹ میں اقرا عزیز نے لکھا کہ ’نا انصافی کے سامنے خاموشی اختیار کرنا ظالم کا ساتھ دینے کے مترادف ہے۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’گھریلو تشدد کے الزامات لگنے والی صورتحال کے پیش نظر میں نے فیروز خان کے ساتھ پروجیکٹ نہ کرنے کا ایک مشکل لیکن ضروری فیصلہ کیا ہے۔‘
انہوں نے علیزے سلطان کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے فیروز خان کے ساتھ کام نہ کرنے کا فیصلہ گھریلوں تشدد کا نشانہ بننے والوں کی حمایت میں کیا ہے۔
اقرا عزیز اور فیروز خان اس سے قبل ڈرامہ خدا اور محبت میں ساتھ اداکاری کرچکے ہیں۔
گذشتہ روز سے علیزے سلطان کی تصاویر سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہیں جس میں ان کے جسم پر خراشیں دیکھی جاسکتی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق یہ تصاویر ان دستاویزات کا حصہ تھیں جو علیزے نے عدالت میں جمع کروائی ہیں۔

خیال رہے اس وقت پاکستان کا ایک فیملی کورٹ دو کیسز سن رہا ہے جن میں سے ایک فیروز خان کی طرف سے دائر کیا گیا ہے جس میں انہوں نے بچوں کی کسٹڈی اپنے پاس رکھنے کی استدعا کی ہے جبکہ دوسرا کیس ان کی سابقہ اہلیہ کی جانب سے دائر کیا گیا ہے جس میں انہوں نے استدعا کی ہے کہ فیروز خان کی طرف سے انہیں بچوں کی کفالت کی مد میں پیسے دیے جائیں۔
علیزے خان کی تصاویر منظر پر آنے کے بعد منگل کی رات فیروز خان نے خود پر لگنے والے الزامات کو مسترد کردیا ہے۔
انسٹاگرام پر اپنے ایک بیان میں فیروز خان کا کہنا تھا کہ ’میں فیروز خان اپنے اوپر لگنے والے بدنیتی پر مبنی، بے بنیاد او جھوٹے الزامات کی تردید کرتا ہوں جو سوشل میڈیا پر گردش کررہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ان الزامات کا سچ اور حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔‘

پاکستانی اداکار نے کہا کہ انہوں نے اپنے وکلاء کو الزامات لگانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔
خیال رہے رواں سال ستمبر میں علیزے سلطان اور فیروز خان کی طرف سے علیحدہ بیانات میں علیحدگی کی تصدیق کی گئی تھی اور اسی وقت علیزے خان نے کہا تھا کہ وہ اپنی چار سالہ شادی میں ’جسمانی اور دماغی تشدد‘ برداشت کرتی رہی ہیں۔

اس سے قبل پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سے منسلک متعدد افراد علیزے سلطان کی حمایت کا اعلان کرچکے ہیں۔ ان افراد میں مریم نفیس، عاصم اظہر، عثمان خالد بٹ، منشا پاشا، منال خان، ایمن خان اور عثمان مختار شامل ہیں۔

شیئر: