ہوٹل کی لِفٹ میں ملنے والے دو اجنبی جو جیون ساتھی بن گئے
ہوٹل کی لِفٹ میں ملنے والے دو اجنبی جو جیون ساتھی بن گئے
بدھ 26 اکتوبر 2022 18:02
پریت اور شیریل کو توقع نہیں تھی کہ ان کی دوستی کسی رشتے میں بدل سکتی ہے (فوٹو: شیریل ہرسٹ)
شیریل ہرسٹ نے 2017 کے موسم گرما میں یونان کے ایتھنز میں واقع پرتعیش سینٹ جارج لائکابیٹس ہوٹل میں چیک اِن کیا۔
وہ سیدھی لفٹ کی طرف چلی گئیں کیونکہ وہ اپنے کمرے میں جا کر آرام کرنا چاہتی تھیں۔
لفٹ کا دروازہ بند ہونے ہی والا تھا کہ وہ تیزی سے اندر داخل ہوئیں اور لفٹ میں موجود افراد سے معذرت کی۔ شیریل اس بات سے بالکل بے خبر تھیں کہ اس لفٹ میں ان کے ہونے والے منگیتر بھی موجود ہیں۔
شیریل ہرسٹ نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو بتایا کہ ’وہ پہلے سے ہی لفٹ میں موجود تھے۔‘
پریت بنرجی جو 30 کی دہائی میں تھے، ایک کینیڈین کاروباری شخص تھے اور ایک کانفرنس کے لیے ایتھنز گئے تھے۔
شیریل نے بتایا کہ ’مجھے یاد ہے کہ پریت نے پیلے رنگ کی گھڑی پہن رکھی تھی اور سفید قمیض میں ملبوس تھے۔‘
کینیڈا میں پیدا ہونے والی پی ایچ ڈی کی طالبہ شیریل جو 20 کی دہائی میں تھیں، کہتی ہیں کہ وہ پریت کی طرف فوری طور پر متوجہ ہو گئی تھیں۔ پریت بنرجی کا کہنا ہے کہ انہوں نے پہلے تو شیریل پر زیادہ توجہ نہیں دی۔ ’جب وہ لفٹ میں آئیں تو میرا پہلا تاثر یہ تھا کہ اوہ، ایک بستے والی لڑکی۔‘
پریت دو دوستوں کے ساتھ لفٹ میں سوار تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ’ہم سب ٹورنٹو میں رہتے ہیں۔ وہ اس کانفرنس کے وقت ہی چھٹیاں گزار رہے تھے اور اس لیے ہم نے ایتھنز میں ملنے پر اتفاق کیا۔‘
شیریل ہوٹل کی ساتویں منزل کی طرف جا رہی تھیں اور اتفاق سے پریت اور ان کے ساتھی بھی وہیں کا رخ کر رہے تھے۔
اس بات کا انہیں اس وقت پتا چلا جب ان کے علم میں آیا کہ ان کی لفٹ صرف چھٹی منزل تک ہی جا سکتی ہے۔
اس دوران معلوم ہوا کہ ہوٹل میں دو لفٹیں تھیں اور صرف ایک ہی عمارت سے اوپر گئی۔
جیسے ہی ہوٹل کے مہمان چھٹی منزل پر اترے اور دوسری لفٹ کا انتظار کر رہے تھے، انہوں نے ایک دوسرے کے لہجے کو پہچان لیا اور اندازہ ہوا کہ وہ تمام کینیڈین ہیں۔
پریت نے شیریل سے پوچھا کہ ’آپ کہاں سے ہیں؟‘ جس پر انہوں نے بتایا کہ وہ ٹورونٹو سے ہیں۔‘
پریت بنرجی نے پھر سوال کیا کہ ’ٹورونٹو میں کہاں سے‘ جس پر شیریل گڑبڑا گئیں اور انہوں نے جواب دیا کہ ’اوہ نہیں، میں اصل میں ٹورونٹو سے نہیں ہوں، میں نیاگرا فالز سے ہوں۔‘
شیریل اور پریت دونوں ہوٹل میں ایک ہی کانفرنس میں شرکت کر رہے تھے (فوٹو: شیریل ہرسٹ)
پریت نے کہا کہ ’جھوٹ بولنا کتنی عجیب بات ہے۔‘
شیریل کی پرورش نیاگرا فالز کینیڈا میں ہوئی، لیکن وہ زندگی کا بیشتر حصہ برطانیہ میں ہی رہیں۔ برطانوی ہمیشہ ان سے پوچھتے رہتے ہیں کہ وہ کہاں سے ہیں، اور وہ ہمیشہ جواب میں ٹورونٹو کہتی ہیں کیونکہ شیریل کے بقول ’اگر آپ نیاگرا فالز کہتے ہیں تو لوگ اس بارے میں پوچھنا شروع کر دیتے ہیں کہ مجھے نہیں معلوم تھا کہ نیاگرا فالز ایک شہر ہے۔‘
لفٹ انہیں ساتویں منزل تک لے گئی اور وہ دونوں بات چیت کرتے رہے۔ اس دوران انہیں معلوم ہوا کہ وہ دونوں ہوٹل میں ایک ہی کانفرنس میں شرکت کر رہے ہیں۔
لیکچر شروع ہونے سے پہلے دونوں کی ریسیپشن پر ملاقات ہوئی۔
کانفرنس شروع ہونے سے پہلے انتظامیہ نے اعلان کیا کہ آپ کو اپنے ایک ساتھی کا انتخاب کرنا ہے اور اس کے بارے میں تین حقائق بتانے ہیں۔ ایسا اس لیے ہے تاکہ کانفرنس کے آغاز سے پہلے ایک دوسرے کو جان سکیں۔‘
پریت نے بتایا کہ ’میں نے شیریل کا انتخاب کیا کیونکہ میں ان سے چند گھنٹے پہلے لفٹ میں ملا تھا۔‘
پریت اور شیریل کو ایک دوسرے سے بات کرنا اچھا لگنے لگا تھا لیکن دونوں کو توقع نہیں تھی کہ ان کا یہ تعلق کسی رشتے میں بدل سکتا ہے۔ وہ مختلف ممالک میں رہتے تھے، عمر کا فرق تھا اور وہ بمشکل ایک دوسرے کو جانتے تھے۔
لیکن جب شیریل نے اپنی والدہ کو کانفرنس میں شرکت کے لیے بلایا تو انہیں شبہ ہوا کہ ان کی بیٹی پریت میں دلچسپی رکھتی ہیں لیکن شیریل نے سختی سے انکار کیا۔
کانفرنس ختم ہونے کے بعد شیریل نے پریت کو ایئرپورٹ پر الوداع کہا۔ انہوں نے بتایا کہ ’مجھے یاد ہے کہ میں نے ان کی ٹیکسی کو جاتے ہوئے دیکھا۔‘
دونوں نے فون نمبر یا رابطے کی تفصیلات کا تبادلہ نہیں کیا تھا۔
پریت نے شیریل کو بتایا کہ وہ ان کے لیے جذبات رکھتے ہیں اور وہ یہ جاننا چاہتے تھے کہ شیریل ان کے بارے میں کیا سوچتی ہیں (فوٹو: پریت بنرجی)
چند ماہ بعد شیریل اپنے خاندان سے ملنے کے لیے کینیڈا گئیں۔ وہاں رہتے ہوئے انہوں نے ٹورونٹو میں ایک کانفرنس میں شرکت کرنے کا ارادہ کیا اور انہیں توقع تھی کہ پریت بھی اس میں شرکت کریں گے۔
انہوں نے ٹوئٹر پر پریت کو فالو کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ بتا سکیں کہ وہ شہر میں موجود ہیں۔
انہیں معلوم ہوا کہ وہ صحیح تھیں، پریت بھی اسی کانفرنس میں شرکت کر رہے تھے اور اس طرح ایک بار پھر دونوں کی ملاقات ہوئی۔
پریت نے انہیں بتایا کہ وہ ان کے لیے جذبات رکھتے ہیں اور وہ یہ جاننا چاہتے تھے کہ شیریل ان کے بارے میں کیا سوچتی ہیں۔ اگرچہ شیریل انہیں پہلے دن سے پسند کرتی تھیں لیکن اس کے باوجود وہ ہچکچاہٹ کا شکار تھیں کہ ایک ایسا شخص جو عمر میں ان سے بڑا ہے اور جس سے سے وہ صرف دو بار ہی ملی ہیں، کیسے اسے ’ہاں‘ کہہ سکتی ہیں۔
تین سال کے ’لانگ ڈسٹینس ریلیشن شپ‘ کے بعد بلآخر شیریل نے بھی ان سے اظہارِ محبت کر دیا اور 2020 میں دونوں نے منگنی کرلی اور ٹورونٹو میں ایک ساتھ رہنے لگے۔
شیریل ہرسٹ کہتی ہیں کہ ’مجھے ایسا لگتا ہے کہ ہم سول میٹ ہیں۔‘