ٹی20 ورلڈ کپ میں اَپ سیٹ، آئرلینڈ نے انگلینڈ کو شکست دے دی
انگلش ٹیم کے کپتان 12 گیندو پر 24 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ فوٹو: اے ایف پی
آسٹریلیا میں ٹی20 ورلڈ کپ کے سُپر 12 مرحلے کے میچ میں آئرلینڈ نے انگلینڈ کی ٹیم کو پانچ رنز سے اپ سیٹ شکست دے دی ہے۔
میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں بارش سے متاثرہ میچ میں ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت آئرلینڈ کو پانچ رنز سے فاتح قرار دیا گیا۔
آئرلینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے 157 رنز بنائے تھے۔ آئرلینڈ کی پوری ٹیم آخری اوور کی دوسری گیند پر پویلین لوٹ گئی۔
جواب میں انگلینڈ کی ٹیم کو بارش کے باعث 111 رنز کا ہدف دیا گیا تھا۔
انگلینڈ کی ٹیم 14 اوورز اور تین گیندوں پر پانچ وکٹیں گنوانے کے بعد 105 رنز بنا سکی۔
انگلینڈ کی جانب سے ڈیوڈ ملان 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان معین علی 12 گیندوں پر 24 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے قبل انگلینڈ نے ٹاس جیت کر آئرلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تو اس کے اوپنرز نے پُراعتماد آغاز کیا۔ آئرلینڈ کی پہلی وکٹ 21 اور دوسری 103 رنز پر گری۔
اوپنر اینڈی بالبرینی نے 64 رنز بنائے جبکہ ون ڈاؤن آنے والے لورکان ٹکر 34 رنز سکور کر کے رن آؤٹ ہوئے۔ دیگر کھلاڑیوں میں سے کوئی نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکا۔