سعودی پروگرام برائے یمن اور اقوام متحدہ کے تحت ریاض میں ورکشاپ
سعودی پروگرام برائے یمن اور اقوام متحدہ کے تحت ریاض میں ورکشاپ
اتوار 30 اکتوبر 2022 19:54
فوڈ سیکیورٹی کے حوالے سے صنعتوں کی معاونت میں تعاون کے طریقے تلاش کیے گئے(فوٹو ایس پی اے)
سعودی ترقیاتی اور تعمیر نو پروگرام برائے یمن نے اتوار کو ریاض میں اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کے ساتھ ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا ہے جس کا مقصد دونوں اداروں کے درمیان تعاون کو فروغ دینا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یمن میں اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کی ڈپٹی ریزیڈنٹ ریپیزینٹیو ناہید حسین اور سعودی ترقیاتی اور تعمیر نو پروگرام برائے یمن کے اسسٹنٹ جنرل سپروائزر حسن العطاس نے ورکشاپ میں اپنے اداروں کی نمائندگی کی ہے۔
ورکشاپ میں یمن کی ماہی گیری صنعت کا جائزہ لیا گیا اور یمن میں فوڈ سیکیورٹی کے حوالے سے صنعتوں کی معاونت میں تعاون کے طریقے تلاش کیے گئے۔
ورکشاپ کا مقصد دونوں اداروں کے درمیان تعاون کو فروغ دینا ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی ترقیاتی اور تعمیر نو پروگرام برائے یمن نے ورکشاپ میں اٹھارہ ترقیاتی منصوبے اور انیشیٹو پیش کیے جن کا مقصد جدید زرعی ٹیکنالوجی اور سسٹم کو فروغ دینا، گرین ہاوسز کا قیام ، جدید فشنگ بوٹس کی تقسیم اور پائیدار خوارک کی پیداوار میں اضافہ کرنا ہے۔
یہ کوششیں سعودی ترقیاتی اور تعمیر نو پروگرام برائے یمن کے تعلیم، صحت، توانائی، نقل وحمل، زراعت، ماہی گیری سے متعلق 224 منصوبوں کے ایک بڑے پیکیج کا حصہ ہیں۔ اس کے ساتھ سرکاری اداروں اور ترقیاتی پروگرام کی استعداد کار میں اضافہ شامل ہے۔