Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرن جوہر نے بھی ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ دیکھ لی

کرن جوہر نے دی لیجںڈ آف مولا جٹ دیکھنے کے بعد سوشل میڈیا پر فلم دیکھنے کی کوئی خبر نہیں دی (فائل فوٹو: دی لیجنڈ آف مولا جٹ)
بالی وُڈ کے معروف ہدایت کار اور پروڈیوسر کرن جوہر نے بھی پاکستانی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ دیکھ لی ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کرن جوہر کی ایک تصویر وائرل ہے جس میں وہ دبئی کے کسی سنیما میں دی لیجنڈ آف مولا جٹ فلم دیکھ رہے ہیں۔
کرن جوہر فلم دیکھنے کے دوران خوش گوار موڈ میں نظر آئے۔
کرن جوہر اور دی لیجنڈ آف مولا جٹ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے پاکستانی سپرسٹار فواد خان کو قریبی دوست سمجھا جاتا ہے، لہٰذا سوشل میڈیا پر یہ قیاس آرائی کی جارہی ہے کہ کرن جوہر یہ فلم فواد خان کے لیے دیکھنے گئے ہیں۔
اس سے پہلے 2016 میں فواد خان نے کرن جوہر کی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ میں کام کیا تھا اور اسی فلم میں پاکستانی اداکار عمران عباس نے بھی کیمیو رول کیا تھا۔
کرن جوہر نے اے دل ہے مشکل کے بعد انڈیا کی بائیں بازو کی سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے دباؤ کے باعث پاکستانی فنکاروں کو اپنی فلموں میں لینے سے معذرت کرلی تھی۔

اسی وجہ سے کرن جوہر نے دی لیجںڈ آف مولا جٹ فلم دیکھنے کے بعد بھی اپنے کسی سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر فلم دیکھنے کی کوئی خبر نہیں دی۔
دی لیجںڈ آف مولا جٹ رواں ماہ ریلیز ہونے والی پاکستانی پنجابی فلم ہے جس نے پاکستان سمیت دنیا بھر بھی کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیے ہیں۔
سنہ 1979 میں ریلیز ہونے والی پنجابی فلم ’مولا جٹ‘ کا یہ ریمیک دنیا بھر سے 100 کروڑ سے زائد روپے کما چکا ہے۔
ہدایت کار بلال لاشاری کی فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ کی مرکزی کاسٹ میں فواد خان، حمزہ علی عباسی، ماہرہ خان، ہمائمہ ملک اور گوہر رشید شامل ہیں۔

شیئر: