لانگ مارچ گوجرانوالہ میں، عمران خان چوتھے روز بھی لاہور واپس آگئے
لانگ مارچ گوجرانوالہ میں، عمران خان چوتھے روز بھی لاہور واپس آگئے
پیر 31 اکتوبر 2022 19:10
رائے شاہنواز -اردو نیوز، لاہور
تحریک انصاف کی سیکیورٹی پر مامور عملے کے افراد نے کنٹینر کے گرد حصار قائم کیے رکھا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان تحریک انصاف کا لانگ مارچ چوتھے روز گوجرانوالہ پہنچ چکا ہے۔ چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اپنی تقریر میں کارکنوں کو گھروں میں جانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کل دوبارہ اس جگہ سے مارچ کا آغاز کریں گے۔
ترجمان تحریک انصاف کے مطابق وہ لاہور پہنچ چکے ہیں اور وہ رات اپنے گھر زمان پارک میں ہی قیام کریں گے۔
پیر کی صبح عمران خان مارچ کے لیے نکلنے سے پہلے ایک روز قبل کنٹینر کے نیچے آکر ہلاک ہونے والی خاتون صحافی صدف نعیم کے گھر گئے اور اہلخانہ سے تعزیت کی۔
اس کے بعد انہوں نے کامونکی سے لانگ مارچ کا دوبارہ آغاز کیا۔ تحریک انصاف کے جاری کردہ شیڈیول کے مطابق انہیں سینچر کے روز کامونکی پہنچنا تھا، لیکن انہوں نے اس دن مریدکے میں ہی اچانک اس دن کے لانگ مارچ کا اختتام کر دیا۔
اتوار کے روز لانگ مارچ کو اچانک اس وقت سادھوکی کے قریب روکنا پڑا جب ایک خاتون صحافی کنٹینر کے نیچے آکر ہلاک ہو گئیں۔ بالاخر پیر کے روز وہ کامونکی پہنچے۔ تحریک انصاف کے کارکن تین روز تک لانگ مارچ کا انتظار کرتے رہے۔
انہوں نے کامونکی پہنچ کر اپنے کارکنوں کا شکریہ ادا کیا اور تین دن کی تاخیر پر معذرت بھی کی۔ اس کے بعد تحریک انصاف کا لانگ مارچ کامونکی ، موڑ ایمن آباد سے ہوتا ہوا گوجرانوالہ پر چوتھے روز کےلئے اختتام پزیر ہوا۔
چئیرمین تحریک انصاف نے جگہ جگہ استقبالیہ کیمپوں پر تقریر بھی کی۔ چن دا قلعہ بائی پاس پہنچنے پر انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ وہ ایک پورا دن گوجراانولہ میں گزارنا چاہتے ہیں اس لیے کل دوبارہ سے اسی جگہ سے مارچ کی شروعات کی جائےگی۔
تحریک انصاف کے شیڈول کے مطابق عمران خان کے قیام کا بندوبست گوجرانوالہ میں ہی کیا گیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
اپنی تقریر میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ کارکن مارچ کے ساتھ ساتھ آنے کے بجائے اس کال کا انتظار کریں جب انہیں اسلام آباد پہنچنے کا کہا جائے گا۔
تحریک انصاف کے شیڈول کے مطابق عمران خان کے قیام کا بندوبست گوجرانوالہ میں ہی کیا گیا تھا۔ تاہم آخری وقت میں شیڈول تبدیل کر دیا گیا۔ اور وہ واپس لاہور روانہ ہو گئے۔
ایک روز قبل پیش آنے والے حادثے کے پیش نظر پیر کے روز چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے کنٹینر کے ارد گرد سکواڈ کی گاڑیوں کا گھیرا رکھا گیا اور کارکنوں کو قریب آنے کی اجازت نہیں تھی۔
اس کے علاوہ تحریک انصاف کی سکیورٹی پر مامور عملے کے افراد نے کنٹینر کے گرد حصار قائم کیے رکھا اس بات کو یقینی بنایا کہ بلاوجہ لوگ کنٹینر کے قریب نہ آئیں۔
گوجرانوالہ پہنچنے پر مارچ کے شرکا کا استقبال آتش بازی سے کیا گیا۔