Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹِچ بٹن، ’ایسی کہانی ہے جو لوگوں کے دِلوں تک پہنچے گی‘

عروہ حسین کی پروڈکشن میں بننے والی فلم ’ٹِچ بٹن‘ رواں سال  25 نومبر کو ریلیز ہوگی۔
بطور پروڈیوسر یہ عروہ حسین کی پہلی فلم ہے جس میں اداکار فرحان سعید،ایمان علی، فیروز خان اور سونیا خان مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے۔
عروہ حسین کی اپنی اس فلم سے کیا توقعات ہیں اور ان کا بطور پروڈیوسر کام کرنے کا تجربہ کیسا رہا یہ جاننے کے لیے اردو نیوز نے ان سے بات چیت کی ہے۔
عروہ حسین نے بتایا کہ ’پہلے ہم بہت سے سکرپٹس دیکھ رہے تھے کہ کوئی ایسی کہانی ہو جو ہمیں کلک کرے جسے لوگوں تک پہنچائیں۔ فائزہ افتخار نے یہ کہانی لکھی ہے، ہمارے پاس جب ون لائنر آیا تو ہمیں بہت دلچسپ لگی کہ اس میں وہ تمام لوازمات ہیں جو ایک اچھی انٹرٹیننگ فلم میں ہونے چاہییں۔ رومانس، کامیڈی، ایکشن اور دلچسپ خاندانی اقدار ہیں ایک ایسی کہانی جس سے ہر شخص خود کو جوڑ سکتا ہے۔‘
’ٹِچ بٹن‘ دیگر فلموں سے کیسے مختلف ہے، اس سوال کے جواب میں عروہ نے بتایا کہ ’ ہم چاہے ٹی وی کریں یا سینما مقصد کہانی سنانا ہوتا ہے۔ میں بطور پروڈیوسر اور اداکارہ خود کو کہانی گو سمجھتی ہوں۔ کہانی کو سنانے کا طریقہ ہر کسی کا مختلف ہوتا ہے تو یہ (فلم) ہم سب سے جڑی ہوئی کہانی ہے۔‘

فلم میں اداکار فرحان سعید، ایمان علی، فیروز خان اور سونیا خان مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے (فوٹو: سکرین شاٹ)

انہوں نے کہا کہ ’سینما میں جب لوگ جاتے ہیں تو لوگ توقع کرتے ہیں کہ انٹرٹینمنٹ ہو، میوزک ہو، اور سوا دو گھنٹے جو وہ سینما میں گزار رہے ہیں ایک اچھی کہانی انہیں سنائی جائے۔ میں سمجھتی ہوں کہ یہ کہانی ہم نے اس انداز سے سنائی ہے جو لوگوں کے دلوں تک پہنچے گی۔‘
عروہ نے بتایا کہ ’اس فلم کی مضبوطی اس کا میوزک اور ویژولز ہیں۔ میں بہت فخر سے کہہ سکتی ہوں کہ ہمارا ایک ایک کردار کہانی میں فٹ ہوتا ہے۔ فلم کی شوٹنگ پاکستان اور ترکی میں ہوئی ہے۔‘
کیا عروہ کے مداح انہیں اس فلم میں آن سکرین بھی دیکھ سکیں گے، اس سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ’جب ہم نے فلم شوٹ کر لی پھر فرحان اور ڈائریکٹر قاسم علی کو لگا کہ ایک گانا ہونا چاہیے میں نے ان کی بات مانی اور پھر ایک گانا شامل کیا اورا س طرح آن سکرین بھی میں فلم کا حصہ ہوں۔‘

عروہ حسین نے کہا کہ ’میں خود کو بطور پروڈیوسر اور اداکارہ خود کو کہانی گو سمجھتی ہوں‘ (فوٹو: انسٹاگرام)

عروہ حسین سمجھتی ہیں کہ سینما کے لیے اچھا وقت ہے کیونکہ لوگ سینما کا رخ کر رہے ہیں۔ ’یہ بہت اچھی بات ہے کہ گذشتہ عید سے فلمیں ریلیز ہونا شروع ہوئی ہیں۔ وبا کے بعد جب فلمیں ریلیز ہوئیں تو لوگوں کی سینما جانے کی عادت نہیں رہی تھی۔ ہم نے بھی تھوڑا سا انتظار کیا پھر ہم نے دیکھا کہ ’لندن نہیں  جاؤں گا‘ آئی پھر ’قائداعظم زندہ باد‘ ریلیز ہوئی جو لوگوں کو سینما کی طرف لائی اور اب ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ ریلیز ہوئی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ہمارے لیے خوش آئند بات ہے کہ اتنے بینرز اور سٹارز کی فلمیں آئی ہیں جو لوگوں کو سینما کی طرف لے کر آئی ہیں اور اب ان میں ’ٹچ بٹن‘ کا اضافہ ہونے جا رہا ہے۔‘

شیئر: