Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لانگ مارچ کا دوبارہ آغاز جمعرات سے، ’نومبر کے تیسرے ہفتے راولپنڈی پہنچیں گے‘

پی ٹی آئی نے 28 اکتوبر کو لاہور سے لانگ مارچ کا آغاز کیا تھا۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں اپوزیشن جماعت تحریک انصاف کا لاہور سے شروع کیا گیا لانگ مارچ جمعرات کو وزیرآباد سے دوبارہ سفر کا آغاز کرے گا۔
تحریک انصاف کے سینیئر رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حقیقی آزادی مارچ کل جمعرات سے دوبارہ شروع ہو گا، راولپنڈی پہنچنے کی تاریخ میں اب مزید توسیع نہیں کر رہے۔ 
بدھ کو اپنی ٹویٹ میں فواد چوہدری نے کہا کہ ’عمران خان تیسرے ہفتے میں لاکھوں لوگوں کے ساتھ راولپنڈی ہوں گے۔‘
ادھر لاہور میں صوبائی وزیر صحت و صدر پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد اور وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت اجلاس میں مارچ کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے بعد جاری کیے گئے بیان کے مطابق شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ’عمران خان نے پاکستان کے استحکام کے لیے واضح موقف اختیار کیا ہے۔ حقیقی آزادی مارچ کے ثمرات عوام تک ضرور پہنچیں گے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ذاتی مفادات کی سیاست کے خلاف جہاد کر رہے ہیں اور سیاست کو عبادت سمجھتے ہیں۔
شاہ محمود قریشی کے مطابق اُن کی جماعت کی جدوجہد سے دنیا میں پاکستان کی عزت بحال ہو رہی ہے۔
یاسمین راشد نے اجلاس میں کہا کہ عمران خان پاکستان میں موروثی سیاست کے خلاف ایک کامیاب تبدیلی کا نام ہیں۔
’آج پوری دنیا امپورٹڈ سرکار کے کارناموں سے واقف ہو چکی ہے۔ سابق وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملہ کوئی چھوٹی بات نہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان پاکستانی پاسپورٹ کی عزت کی خاطر سامراجی نظام کے خلاف نکلے ہیں۔
خیال رہے کہ تحریک انصاف نے گزشتہ ماہ کی 28 تاریخ کو لاہور سے لانگ مارچ کا آغاز کیا تھا جو گزشتہ ہفتے جی ٹی روڈ پر وزیرآباد کے علاقے میں عمران خان پر فائرنگ کے بعد روک دیا گیا تھا۔

شیئر: