Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیلی فورسز سے جھڑپ میں نابلس میں فلسطینی نوجوان ہلاک

فلسطینی وزارت صحت نے بدھ کی صبح اطلاع دی ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر نابلس میں ہونے والی جھڑپ میں زخمی ایک فلسطینی نوجوان ہلاک ہو گیا ہے۔
امریکی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق فلسطینی حکام نے بتایا ہے کہ  ہلاک ہونے والی کی شناخت 15 سالہ مہدی حشحاش کے نام سے  ہوئی ہے اور اس کی ہلاکت اسرائیلی چھاپے کے دوران شدیدزخمی ہونے کے باعث ہوئی ہے۔
فلسطینی نوجوان کی ہلاکت پر اسرائیلی فوج کی جانب سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔
فلسطین میں  عسکریت پسند گروپ الاقصیٰ شہداء بریگیڈ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مہدی حشحاش گروپ کا رکن تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2022 کے آغاز سے اب تک فلسطینی حملہ آوروں نے  اسرائیل میں کم از کم 24 افراد کو ہلاک کیا ہے۔
مغربی کنارے اور مشرقی بیت المقدس میں اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے درمیان شدید جھڑپوں میں بھی اس سال تقریباً 130 فلسطینی ہلاک ہوئے ہیں اور یہ تعداد 2006 کے بعد سے سب سے زیادہ ہے۔
واضح رہے کہ 1967 کی مشرق وسطیٰ کی جنگ میں اسرائیل نے مغربی کنارے کے علاقے پر قبضہ کر لیا تھا  اور اس کے بعد سے اب تک اسرائیل نےاس علاقے پر فوجی قبضہ برقرار رکھا ہوا  ہے۔

شیئر: