Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیل نے نابلس شہر کا لاک ڈاؤن ختم کر دیا

اکتوبر میں 30 فلسطینی اور 3 اسرائیلی مختلف جھڑپوں میں مارے گئے ہیں۔ فوٹو عرب ویکلی
اسرائیلی فوج  کی جانب سے جمعرات کو فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر نابلس پر گذشتہ  ہفتوں سے جاری لاک ڈاؤن ختم کر دیا گیا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق گذشتہ ہفتے اسرائیلی فوجیوں نے مقبوضہ علاقے میں ہونے والی جھڑپ میں ایک فلسطینی کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا جس کے بعد سےعلاقے میں لاک ڈاؤن لگا دیا گیا تھا۔
اسرائیلی فوج  کےترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا  گیا ہے کہ یہودیہ اور سامریہ (مغربی کنارے) میں معمول کے حالات کے جائزے کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ نابلس کے داخلی اور خارجی راستوں پر عائد کردہ عمومی بندش کو ہٹا دیا جائے۔
ایک فوجی ترجمان نے بتایا کہ لاک ڈاؤن کو  مقامی وقت کے مطابق جمعرات کی صبح 4 بجے ہٹا دیا گیا تھا۔
فوج نے 11 اکتوبر کو شہر کو اس وقت سیل کر دیا تھا جب فلسطین کے لائنز ڈین (شیر کی کچھار) گروپ کی جانب سے اسلحہ بردارشخص نے شیوی شمرون کی بستی کے قریب ایک اسرائیلی فوجی کو ہلاک کر دیا تھا۔
اسرائیلی فوج کے مطابق گزشتہ ماہ کے دوران اسرائیلی فوجیوں اور شہریوں پر تقریباً 20 حملوں کے پیچھے لائنز ڈین گروپ کا ہاتھ تھا۔
اس کے بعد اسرائیلی فوجیوں نے لائنز ڈین گروپ کے ارکان کے تعاقب میں شہر کے اندر چھاپہ مار کارروائیاں تیز کر دی تھیں۔

اسرائیلی فورسز سے جھڑپ میں گولی لگنے سے ایک شخص ہلاک ہوا تھا۔ فوٹو روئٹرز

اسرائیلی فوج کی جانب سے 25 اکتوبر کو ہونے والے آپریشن میں پانچ افراد ہلاک ہو گئے تھے اور فوجی ترجمان کے بقول ہلاک شدگان میں فلسطینیوں کے اس گروپ  کا لیڈر بھی شامل تھا۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ حالیہ دنوں میں دیگر ارکان نے خود کو فلسطینی سیکورٹی فورسز کے حوالے کیا ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ ماہ کے شروع سے نابلس شہر کی ناکہ بندی نے تقریباً دولاکھ  فلسطینیوں کے لیے شہر میں آمدورفت پر پابندی عائد کر دی تھی، جس سے روزمرہ کی زندگی، مقامی معیشت، طبی سہولیات اور تعلیمی سلسلہ متاثر ہوا تھا۔

نابلس کی ناکہ بندی سے دولاکھ  فلسطینیوں کی آمدورفت پر پابندی  تھی۔ فوٹو روئٹرز

فلسطینی وزارت صحت کا ایک اہلکار جس کی شناخت 42 سالہ داؤد ریان کے نام سے ہوئی ہے جمعرات کو بیت المقدس کے شمال مغرب میں اسرائیلی فورسز کے ساتھ جھڑپ کے دوران گولی لگنے سے ہلاک ہو گیا تھا ۔
اسرائیلی سرحدی پولیس کے ترجمان نے بیان میں کہا ہے کہ ایک دہشت گرد جو ہماری فورسز پر فائر بم پھینک رہا تھا، اس کے ہاتھ میں فائر بم دیکھا گیا اور اسے گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔
اے ایف پی کے اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر کے آغاز سے اب تک کم از کم 30 فلسطینی اور تین اسرائیلی مختلف جھڑپوں میں مارے جا چکے ہیں۔
 

شیئر: