سعودی ہیلی کاپٹر کمپنی ’ٹی ایچ سی‘ پندرہ فضائی ایمبولینسیں حاصل کرے گی
فضائی ایمبولینسوں کے فاضل پرزوں کے حوالے سے بھی معاہدہ کیا ہے( فوٹو العربیہ)
سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے ماتحت ہیلی کاپٹر کمپنی ’ٹی ایچ سی‘ نے کہا ہے کہ 2024 تک ایچ 145 ساخت کی پندرہ فضائی ایمبولینسیں حاصل کی جائیں گی۔
العربیہ نیٹ کے مطابق ٹی ایچ سی نے دسمبر 2022 کے دوران ایئربس ہیلی کاپٹر کمپنی کے ساتھ ایچ 145 ساخت کی 20 فضائی ایمبولینسوں اور اے سی ایچ 160 ساخت کی فضائی ایمبولینسوں کا سودا کیا تھا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ’ وہ مملکت بھر میں فضائی ایمبولینس سروس فراہم کرنے کے لیے ایمبولینسیں ملک کے مختلف علاقوں کے لیے مختص کرے گی۔ اب تک پانچ فضائی ایمبولینسیں حاصل کی جا چکی ہیں۔ 2024 کے آخر تک مزید پندرہ ایمبولینسیں مل جائیں گی‘۔
کمپنی نے فضائی ایمبولینسوں کے فاضل پرزوں کے حوالے سے بھی ایک معاہدہ کیا ہے تاکہ فضائی ایمبولینسیں چوبیس گھنٹے سروس میں رہیں۔
یاد رہے کہ ایچ 145 ساخت کی فضائی ایمبولینسیں کثیر المقاصد ہیں۔ انہیں ہنگامی میڈیکل سروس اور مسافروں کی منتقلی نیز سرکاری و نجی فضائی سروس سمیت متعدد مقاصد کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔