تبوک کے صحرا میں لاپتہ ہونے والا سعودی بچہ کیسے ملا؟
تبوک کے صحرا میں لاپتہ ہونے والا سعودی بچہ کیسے ملا؟
جمعہ 11 نومبر 2022 19:50
امدادی ٹیموں کےعلاوہ ہیلی کاپٹر کی مدد سے 19 کلو میٹر کا علاقہ سرچ کیا گیا( فوٹو العربیہ)
سعودی عرب میں مغربی تبوک کے صحرا میں لاپتہ ہوجانے والا بارہ سالہ ذہنی معذور سعودی بچہ 24 گھنٹے کے بعد مل گیا۔
العربیہ نیٹ کے مطابق آٹزم میں مبتلا بچے کے خاندان کے افراد سیاحت کےلیے مغربی تبوک کے صحرا میں خیمے لگائے تھے۔ واپسی کے وقت بچہ وہاں موجود نہیں تھا۔
اہل خانہ نے تلاش میں ناکامی پر پولیس سے رابطہ کیا۔ تبوک پولیس اور روڈ سیکیورٹی فورس نے بچے کو تلاش کرنے کی مہم شروع کی۔ اس میں ’انجاد‘ ٹیم بھی شامل ہوگئی جو صحرا میں لاپتہ افراد کی تلاش اور ان کی مدد کے حوالے سے خاص ہے۔
امدادی ٹیموں کےعلاوہ ہیلی کاپٹر کی مدد سے 19 کلو میٹر کا علاقہ سرچ کیا گیا۔ جمعے کو بچہ ایک جگہ بحفاظت مل گیا۔
امدادی ٹیموں کا کہنا ہے کہ ’جس جگہ سے بچہ لاپتہ ہوا تھا وہ پہاڑی علاقہ ہے اور بڑی چٹانوں کی وجہ سے تلاش کرنے میں امدادی مہم میں مشکل کا سامنا تھا‘۔
’ دوسری مشکل یہ تھی کہ کسی ایک جگہ بچے کے قدموں کے نشان ملتے تھے اور چٹانی علاقے کی وجہ سے قدموں کے نشان دوسری جگہ نہیں ملتے تھے۔ سب لوگ خوفزدہ تھے کہ اس علاقے میں درندے بھی موجود ہیں‘۔
انجاد ٹیم نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ’ بارہ سالہ بچہ بحفاظت مل گیا ہے اور اسے اہل خانہ کے حوالے کردیا گیا’۔