مصر میں مسافر بس نہر میں جا گری، 20 افراد ہلاک، 6 زخمی
امدادی ٹیموں نے ٹریکٹر کے ذریعے بس کو نہرسے نکالا ہے( فوٹو اخبار 24)
شمالی مصر میں سنیچر کو مسافروں سے بھری بس نہرمیں جاگری۔ حادثے میں 20 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوئے ہیں۔
اخبار 24 نے مصری ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ کہ حادثہ المنصورہ روڈ پرپیش آیا مسافر بس ڈرائیور کے قابو سے باہرہو کرنہرمیں گرگئی۔
حادثے کی اطلاع ملنے پرنہری امدادی فورس اور طبی امدادی یونٹ جائے وقوعہ پرپہنچ گئے جنہوں نے ٹریکٹر کے ذریعے بس کو نہرسے نکالا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بیشتر افراد موقع پرہی ہلاک ہوگئے جبکہ کئی کو زخمی حالت میں المنصورہ کے جنرل ہسپتال میں داخل کردیا گیا۔
عرب نیوز نے مصری ذرائع ابلاغ کے حوالے سے بتایا حادثہ بس کے سٹیئرنگ ویل میں خرابی کے باعث پیش آیا تاہم مزید تفصیل نہیں بتائی گئی۔
مصر میں ٹریفک حادتات معمول بن گئے ہیں جہاں سڑکوں کی دیکھ بھال اکثر ناقص ہوتی ہے اور ڈرائیونگ قوانین کی خلاف ورزی کی جاتی ہے۔
سرکاری اعداد وشمار کے مطابق 2021 میں عرب دنیا کی سب سے زیادہ آبادی والے ملک کی سڑکوں پر سات ہزار افراد ہلاک ہوئے ہیں۔