Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فاسٹ بولر شاہین آفریدی کا گھٹنا زخمی نہیں: پاکستان کرکٹ بورڈ

پی سی بی کے مطابق فاسٹ بولر شاہین آفریدی کی طبیعت بہتر ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو دو ہفتوں کے ری ہیب کے لیے کہا گیا ہے۔
شاہین آفریدی اتوار کو میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں انگلینڈ کے خلاف ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میں ہیری بروک کا کیچ پکڑتے ہوئے زخمی ہو گئے تھے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے جاری کیے گئے بیان کے مطابق پیر کو ٹیم کی وطن واپسی کے لیے روانگی سے قبل شاہین آفریدی کے سکین کرائے گئے۔
سکین کی رپورٹ میں تصدیق کی گئی ہے کہ فاسٹ بولر کو زخم نہیں آئے اور اُن کی گھٹنے میں تکلیف زور سے گراؤنڈ میں گرنے کے باعث ہوئی۔
سکین کی رپورٹ پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر نجیب اللہ سومرو اور آسٹریلیا کے سپیشلسٹ ڈاکٹر پیٹر ڈی السنڈرو نے گفتگو کی اور اس بات پر اتفاق ہوا کہ گھٹنا زخمی نہیں ہے۔
پی سی بی کے مطابق فاسٹ بولر شاہین آفریدی کی طبیعت بہتر ہے اور وہ کھیل میں واپس آنے کے لیے پُرجوش ہیں۔
پاکستان واپس آنے کے چند دن بعد شاہین آفریدی نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں ری ہیبیلیٹیشن و کنڈیشننگ پروگرام میں حصہ لیں گے۔
یہ پروگرام گھٹنے کی مضبوطی کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق شاہین آفریدی کی بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی پروگرام کو کامیابی کے ساتھ مکمل کرنے اور میڈیکل سٹاف کی جانب سے اجازت سے مشروط ہوگی۔
قبل ازیں ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ شاہین آفریدی طویل عرصے کے لیے کھیل سے باہر ہو سکتے ہیں۔

شیئر: