بریدہ میں اربوں ریال کے نئے ترقیاتی منصوبے
جمعرات 17 نومبر 2022 21:20
شہزادہ فیصل بن مشعل نے منصوبوں کا افتتاح کیا(فوٹو، ٹوئٹر)
گورنر قصیم شہزادہ فیصل بن مشعل نے بریدہ شہر میں ایک ارب ریال سے زیادہ لاگت کے بارہ نئے منصوبوں کا افتتاح کردیا۔
اخبار 24 کے مطابق شہزادہ فیصل بن مشعل نے جن منصوبوں کا افتتاح کیا ہے ان میں 152.8 ملین ریال کی لاگت سے تیار کی جانے والی سبزی منڈی، 49.5 ملین ریال کی لاگت سے تیار کی جانے والی الحائط مارکیٹ، بریدہ تاریخی قریے، قصیم میونسپلٹی مہمان خانے، قصیم میونسپلٹی مزدوروں کی رہائشی عمارتوں اور کنگ فہد روڈ پر واقع پلوں کی اصلاح و مرمت کا منصوبہ شامل ہیں۔
گورنر قصیم نے کچھ ایسے منصوبوں کی بھی شروعات کی ہے جو مستقبل میں نافذ ہوں گے۔ ان میں سڑکوں کے نام رکھنے، عمارتوں کی نمبرنگ، الامن و صفرا محلے میں سیلاب کی نکاسی کا منصوبہ، بریدہ شہر کو وادی سے جوڑنے والے الضاحی محلے میں بارش کی نکاسی کا نیٹ ورک، الوسیطی اور الرفیعہ محلے میں سیلاب کی نکاسی کے نیٹ ورک، بیرونی شمالی سرکلر روڈ اور آس پاس کے محلوں میں سیلاب کے پانی کی نکاسی نیز الضاحی محلے میں سیلاب کی نکاسی کا نیٹ ورک قابل ذکر ہیں۔
وزیر بلدیات و دیہی و ٓاباد کاری اممور ماجد الحقیل نے کہاکہ یہاں پچاس کروڑ سے زیادہ لاگت کے نئے منصوبے قائم ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ رہائش کے شعبے میں 37 منصوبے مکمل کرلیے گئے ہیں۔ ان سے 57 ہزار خاندانوں کو فائدہ پہنچا ہے۔
الحقیل نے یہ بھی کہا کہ ان کی وزارت 2030 تک گھروں کے مالکان کی شرح 70 فیصد تک پہنچانے کی کوشش کررہی ہے۔