ڈی سیلینیشن پلانٹ ٹیکنیشن، 15 سعودی خواتین کو تربیت دینے کا معاہدہ
کورس کی کامیابی سے تکمیل پر آپریشن ٹیکنیشن کے طور پر ملازمت دی جائے گی (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب میں ایک ملٹی نیشنل یوٹیلیٹی کمپنی کے ساتھ 15 سعودی خواتین کو ڈی سیلینیشن پلانٹ ٹیکنیشن کے طور پر تربیت دینے کا معاہدہ کیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق رابغ میں قائم ہائر انسٹیٹیوٹ فار واٹر اینڈ پاور ٹیکنالوجیز نے ریاض میں ایک تقریب کے دوران ایگنی کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیے۔
دو سالہ پروگرام میں شرکا کو پانی کو صاف کرنے، بجلی کی پیداوار، مینٹیننس اور آپریشنز میں نظریاتی اور عملی تربیت دی جائے گی۔
کورس کی کامیابی سے تکمیل پر خواتین کو ینبع 4 یا جبیل 3 بی کے ایگنی سعودی ریورس اوسموسس ڈی سیلینیشن پلانٹس میں کل وقتی آپریشن ٹیکنیشن کے طور پر ملازمت دی جائے گی۔
ہائر انسٹیٹیوٹ فار واٹر اینڈ پاور ٹیکنالوجیز کے ایگزیکٹو مینیجنگ ڈائریکٹر طارق الشمرانی اور سعودی عرب میں ایگنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ترکی الشہری نے سعودی واٹر پارٹنرشپ کمپنی کے سی ای او خالد القرشی کی موجودگی میں معاہدہ پر دستخط کیے۔
خالد القرشی نے کہا کہ ’ایک روشن، متحرک اور ترقی کرتی ہوئی معیشت کے لیے سعودی عرب کے وژن 2030 کے حصے کے طور پر یہ ضروری ہے کہ ہماری قوم کے نوجوانوں کو صحیح تعلیم، تربیت اور ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے مواقع فراہم کیے جائیں‘۔
طارق الشمرانی نے کہا کہ ’خواتین کو بااختیار بنانا ہمارا مقصد ہے اور ہمیں ایگنی کے ساتھ ایک منفرد پروگرام شروع کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے جس کا ہدف سعودی خواتین گریجویٹس ہیں جو انہیں ڈی سیلینیشن کی صنعت میں کیریئر کے لیے مطلوبہ مہارتوں سے آراستہ کرے گا۔‘
ترکی الشھری نے کہا کہ ’یہ پروگرام صنفی مساوات کے حصول کو یقینی بنانے کے لیے ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتا ہے۔‘
انہوں نے نشاندہی کی کہ یہ صاف توانائی کی منتقلی مقامی کمیونیٹیز کی پائیدار اقتصادی اور سماجی ترقی کی حمایت کرنے کا ایک موقع ہے۔
ایگنی کے سی ای او نے بتایا کہ ’ فرم کے ڈی سیلینیشن پلانٹس میں سعودی خواتین کو ریورس اوسموسس کے عمل میں تربیت اور ملازمتیں فراہم کرنے سے کمپنی کو امید ہے اس کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔‘