قصیم ایئرپورٹ کی نجکاری اور 59 لاجسٹک زون قائم کرنے کا منصوبہ
قصیم میں لاجسٹک زون سے صنعت اور کاروبار کو فروغ ملے گا(فائل فوٹو عرب نیوز)
سعودی نائب وزیر مواصلات ولاجسٹک خدمات ڈاکٹر رمیح الرمیح نے کہا ہے کہ ’وزارت 59 لاجسٹک زون قائم کرنے اور قصیم ایئرپورٹ کی نجکاری کے لیے کوشاں ہے‘۔
اخبار 24 کے مطابق سعودی نائب وزیر مواصلات نے القصیم میں سرمایہ کاری فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’مختلف شعبوں میں کام کرنے والے اداروں کے اہداف کی تکمیل میں مواصلات اور لاجسٹک خدمات کی قومی حکمت عملی کا کردار اہم ہے‘۔
ڈاکٹر رمیح الرمیح نے کہا کہ’ 59 لاجسٹک زون میں سے ایک القصیم ریجن اور دوسرا ریاض ریجن میں قائم کیا جائے گا جو ایپل جیسی بین الاقوامی کمپنیوں کا ریجنل سینٹر بنے گا‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ’ القصیم ایئرپورٹ کی نجکاری کا معاملہ نیشنل سینٹر کے پاس ہے۔ جلد اس کا اعلان کردیا جائے گا‘۔
سعودی نائب وزیر مواصلات نے کہا کہ ’صنعت، سیاحت، سرمایہ کاری اور کانکنی جیسے شعبوں کو فروغ دینے میں مواصلات اور لاجسٹک خدمات کا حصہ بہت بڑا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ’ مواصلات اورلاجسٹک خدمات کی قومی حکمت عملی میں فضائی نقل و حمل کا فروغ سرفہرست ہے۔ 2030 تک اس کا حجم تین گنا سے زیادہ ہوجائے گا۔‘
ڈاکٹر رمیح الرمیح نے کہا کہ’ قصیم میں لاجسٹک زون سے صنعت اور کاروبار کو فروغ ملے گا۔ قصیم کے اطراف واقع نیم تمدنی علاقوں پر بھی خوشگواراثرات پڑیں گے‘۔
انہوں نے کہا کہ’ قصیم میں سال رواں کے شروع میں پبلک ٹرانسپورٹ منصوبہ متعارف کرایا گیا ہے۔ یہ بریدہ شہر کو عنیزہ کمشنری تک مربوط کرے گا‘۔