جوازات کے ٹوئٹرپرایک شخص نے استفسار کیا ہے کہ’ گھریلو کارکن کے ویزے پرآنے والے غیرملکی کارکن کا اقامہ جاری کرانے میں تاخیر ہوگئی۔ اس صورت میں اقامہ جاری کرانے کے لیے جرمانہ ادا کرنا ہوگا؟‘۔
سوال کا جواب دیتے ہوئے جوازات کا کہنا تھا کہ’ کوئی بھی غیرملکی کارکن جو مملکت میں نئے ویزے پرآتے ہیں ان کی تجرباتی مدت 3 ماہ کی ہوتی ہے‘۔
’قانون کے مطابق تجرباتی مدت کے ختم ہونے سے قبل کارکن کا اقامہ جاری کرانا ضروری ہے۔ اگراس دوران اقامہ جاری نہیں کرایا جائے تو لازمی ہے کہ تجرباتی مدت ختم ہونے سے قبل فریقین کے رضامندی سے اس میں توسیع کرائی جائے‘۔
’توسیع نہ کرانے اورتجرباتی مدت کے دوران اقامہ جاری نہ کرانے کی صورت میں 500 ریال جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔ جرمانے کی ادائیگی کے بغیر اقامہ جاری کرانا ممکن نہیں ہوتا‘۔
واضح رہے نئے ویزے پرآنے والے غیرملکی کارکنوں کا اقامہ جاری کرانے سے قبل ان کا میڈیکل ٹیسٹ بھی کیاجاتا ہے جو مقررہ لیبارٹری سے کرانا ضروری ہے بصورت دیگر اقامے جاری نہیں ہوسکتے۔
منظورشدہ لیبارٹری ٹیسٹ میں حکومت کی جانب سے یہ سہولت فراہم کی گئی ہے کہ وہاں سے جاری ہونے والے میڈیکل ٹیسٹ براہ راست متعلقہ ادارے کے سسٹم میں اپ لوڈ ہوجاتے ہیں جس کے بعد اقامہ جاری کردیاجاتا ہے۔
خروج وعودہ کے حوالے سے ایک صارف کا جوازات سے سوال تھا کہ’ اقامہ کی مدت میں 6 ماہ سے کم وقت ہے۔ اس صورت میں کفیل کا کہنا ہے کہ خروج وعودہ دنوں کے حساب سے لگایا جائے گا۔ معلوم یہ کرنا ہے کہ دنوں کے حساب سے لگائے جانے والے خروج وعودہ کی کارآمد مدت یعنی سفر سے قبل کی مدت کتنی ہوتی ہے؟‘
سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ’ دنوں کے حساب سے جاری کیے جانے والے خروج وعودہ جس میں واپسی کی انتہائی تاریخ کا تعین کیاجاتا ہے۔ اس کا حساب اسی وقت سے شروع ہوجاتا ہے جب ویزا جاری کیاجاتا ہے‘۔
دنوں کے اعتبار سے جاری کیے جانے والے خروج وعودہ میں واضح طورپردرج ہوتا (اس تاریخ سے قبل واپسی ہونا چائیے)۔ اس نوعیت کے خروج وعودہ پرجانے والوں کو چاہئے کہ واپسی کی تاریخ کا خاص خیال رکھیں کیونکہ سعودی عرب میں قمری تاریخیں رائج ہیں جو ہرملک میں مختلف ہوتی ہیں اس لیے ضروری ہوتا ہے کہ مقررہ تاریخ کے ختم ہونے سے کم از کم ایک دن قبل واپس آجائیں۔
واضح رہے رواں برس کے آغاز سے اقامہ ہولڈرز کے اقاموں اورخروج وعودہ کی مدت میں توسیع بیرون مملکت رہتے ہوئے بھی کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
اس سہولت سے خروج وعودہ پرجانے والوں کا ویزا ایکسپائرہونے کی صورت میں وہ اپنے ایگزٹ ری انٹری کی مدت میں حسب ضرورت توسیع کراسکتے ہیں تاہم اس کےلیے اپنے سپانسر کے ذریعے مقررہ دنوں کی مطلوبہ فیس ادا کرنے کے بعد مدت میں توسیع کرائی جاسکتی ہے۔