کین ولیمسن کو کس کی کور ڈرائیو پسند ہے؟
منگل 22 نومبر 2022 14:15
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
کین ولیمسن کو شاہین شاہ آفریدی کی یارکرز بھی پسند ہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ایک انٹرویو کے دوران کہا ہے کہ ان کو پاکستانی بولر شاہین شاہ آفریدی کے یارکرز پسند ہیں۔
منگل کو کرکٹ کی ویب سائٹ کرک انفو نے کیوی کپتان سے سوال کیا کہ انہیں آسٹریلوی بولر مچل سٹارک اور شاہین شاہ آفریدی میں سے کس بولر کی یارکرز پسند ہیں تو انہوں نے کہا کہ ’ان دونوں کی یارکرز میں بہت مماثلت ہے‘ اور اگلے ہی لمحے پھر انہوں نے شاہین شاہ آفریدی کا نام لے لہا۔
مزہ اور تفریح سے بھرپور انٹرویو میں کیم ولیمسن سے جب پوچھا گیا کہ وہ اپنے فون یا کسی کیچ میں سے کس چیز کے گرانے کو ترجیح دیں گے تو انہوں نے بے دھڑک جواب دیا کہ ’میں فون گرانے کو فوقیت دوں گا کیونکہ کیچ گرانا بہت برا لگتا ہے۔‘
کین ولیمسن سے انڈین کھلاڑیوں ہادرک پانڈیا اور سوریا کمار یادیو کے شاٹس کے بارے میں بھی پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ انہیں سوریا کمار یادیو کے سکوپ شاٹس زیادہ پسند ہیں۔
انڈین بولر عمران ملک اور حارث رؤف سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں نیوزی لینڈ کے کپتان نے کہا کہ یہ بتانا مشکل ہے کہ دونوں میں سے تیز بولر کون ہے لیکن وہ دونوں ہی بہت تیز بولرز ہیں۔
کین ولیمسن سے پوچھا گیا کہ انہیں وراٹ کوہلی اور بابر اعظم میں سے کس کی کور ڈرائیو پسند ہے؟ اس سوال کا جواب دیتے ہوئے وہ تھوڑے شش و پنج میں مبتلا نظر آئے اور پھر کہا کہ انہیں کوہلی کی کور ڈرائیو زیادہ پسند ہے۔