’ہم جال میں پھنس گئے‘ ، سعودی عرب سے تاریخی شکست کے بعد ارجنٹائن کے اخبارات ہیڈلائنز
’ہم جال میں پھنس گئے‘ ، سعودی عرب سے تاریخی شکست کے بعد ارجنٹائن کے اخبارات ہیڈلائنز
بدھ 23 نومبر 2022 11:47
ارجنٹائن کے خلاف اَپ سیٹ فتح کے بعد سعودی عرب میں جشن کا سماں ہے (فوٹو: اے ایف پی)
قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ 2022 کے میچ میں سعودی عرب کی ٹیم سے بڑی شکست کے بعد ارجنٹائن کے اخبارات نے رپورٹ کیا ہے کہ اس سے وہاں کے عوام کو شدید دھچکا پہنچا ہے۔
منگل کو دوحہ کے لیوسل سٹیڈیم میں ہونے والے فٹبال میچ میں سعودی عرب نے ارجنٹائن کو سخت مقابلے کے بعد ایک کے مقابلے میں دو گول سے تاریخی شکست دی تھی۔
دوسری جانب یہ بھی کہا جا رہا ہے ابھی لیونل میسی اور ان کے ساتھیوں کے لیے اس شکست کی تلافی کا موقع موجود ہے کیونکہ گروپ ڈی میں ان کے مقابل میکسیکو اور پولینڈ کی ٹیمیں ہوں گی۔
جریدے ’سبق‘ کے مطابق کورین اخبار کلارین نے اسے ٹورنامنٹ کے آغاز میں ہی لگنے والی ’درد ناک چوٹ‘ قرار دیا ہے اور ساتھ اس امید کا اظہار بھی کیا کہ لیونل میسی کی قیادت میں یہ ٹیم اب بھی ٹائٹل اپنے نام کرنے صلاحیت رکھتی ہے۔
کورین اخبار نے ایک جگہ سُرخی کچھ یوں جمائی ’قطر کے پہلے شو میں ٹیم ارجنٹائن منہ کے بل گر پڑی۔‘
صحافی ایڈریئن مالاڈسکی نے اسی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم سعودی ٹیم کو صحیح طرح سے سمجھ نہ سکے۔ ہم پہلے 10 منٹ میں گول کرنے کے باوجود یہ نہ سمجھ پائے کہ ہمیں ان کے سامنے کیسے کھیلنا ہے۔‘
اخبار نے 1978ء کے ورلڈ کپ کے چیمپئن ماریو کیمپیس کا یہ جملہ بھی نقل کیا کہ ’میرے خیال میں ارجنٹائن کے کھلاڑی سعودی عرب کے بارے میں بہت کم جان سکے۔ انہوں نے جارحانہ انداز میں کھیلا۔‘
اخبار نے ارجنٹائن کی ماضی فتوحات کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ مسلسل 36 میچوں میں کامیابیوں کے بعد پہلی بار ’ارجنٹائن جال میں پھنس گیا۔‘
اخبار نے مزید لکھا کہ ارجنٹائن کے لیونل میسی اپنے آخری پانچ میچوں میں کامیابی حاصل نہ کر سکے اور پھر سعودی عرب کے خلاف میچ میں شکست کے صورت میں ’میسی کی خواہش ڈراؤنے خواب میں بدل گئی۔‘
ایک اور اخبار ’لاناسین‘ نے سرخی جمائی ’ایک گونج دار شکست‘ ۔
اس سُرخی سے اخبار کا اشارہ میچ بعد کی لیونل میسی کی گفتگو کی جانب تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ’ہم مر چکے، ہمیں آغاز میں اس کی توقع نہ تھی۔ یہ زور دار دھچکا ہے اور ہمارے پاس کوئی عذر نہیں ہے۔‘
اخبار ’کلارین‘ اور ’اُولے‘ نے سعودی ٹیم کی فتح میں اس کے ارجنٹائنی کوچ رامون دیاز کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔
ارجنٹائن کے اخبارات نے اگلے میچوں میں اپنی قومی ٹیم کی بہتر کارگردگی کے ساتھ واپسی کی امید کا اظہار کیا ہے۔