پیٹرو کیمیکل سیکٹر آئندہ برسوں میں وسعت اختیار کرے گا: سعودی وزیر توانائی
جمعرات 24 نومبر 2022 5:43
سعودی عرب پٹروکیمیکل پیدا کرنے والا دنیا کا چوتھا بڑا ملک ہے۔ (الشرق الاوسط)
سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے کہا ہے کہ ’پیٹرو کیمیکل سیکٹر آئندہ برسوں کے دوران تیزی سے وسعت اختیار کرے گا۔ 2040 تک 60 فیصد تک بڑھ جائے گا۔‘
اخبار 24 اور العربیہ کے مطابق شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان الجبیل میں سابک کمپنی کے دفتر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ گورنر مشرقی ریجن شہزادہ سعود بن نایف نے صدارت کی۔
وزیر توانائی نے کہا کہ ’توانائی نظام کا ہدف یومیہ 40 لاکھ خام تیل کو ملکی و بین الاقوامی منصوبوں کے لیے پیٹرو کیمیکل میں تبدیل کرنا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’سابک کمپنی آرامکو کے تعاون سے مملکت میں خام تیل کو پیٹروکیمیکل (کروڈ آئل ٹو کیمیکل) میں تبدیل کرنے والا پہلا منصوبہ شروع کرنے والی ہے۔ یہ منصوبہ راس الخیر شہر میں نافذ کیا جائے گا۔ یومیہ گنجائش 4 لاکھ بیرل ہوگی۔ آئندہ چند برسوں میں یہ منصوبہ مکمل کر لیا جائے گا۔‘
شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے کہا کہ ’گیس فیلڈز کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ ان میں الجافورہ گیس فیلڈ کو ترجیحی بنیادوں پر تیار کیا جا رہا ہے۔ یومیہ 6 لاکھ 30 ہزار بیرل سے زیادہ قدرتی سیال گیس نکالی جائے گی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’سعودی عرب پیٹروکیمیکل پیدا کرنے والا دنیا کا چوتھا بڑا ملک ہے۔‘
’سعودی عرب میں توانائی کا نظام ہائیڈرو کاربن وسائل کے بہترین استعمال کے لیے کوشاں ہے۔ پیٹروکیمیکل کی پیداوار میں پیٹرول سے استفادے کے امکانات زیادہ پیدا ہوں گے۔‘
وزیر توانائی نے کہا کہ ’سعودی عرب خام پیٹرول سے مملکت کے لیے توانائی کی پیداوار یومیہ 13 ملین بیرل تک پہنچانے کے لیے کوشاں ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’سعودی عرب گیس فیلڈز خصوصا الجافورۃ فیلڈ کو جدید خطوط پر استوار کر رہا ہے تاکہ قدرتی سیال گیس سے یومیہ 6 لاکھ 30 ہزار بیرل سے زیادہ پیداوار حاصل کی جا سکے۔ اس کے تحت یہ بھی کوشش ہو رہی ہے کہ ایتھن گیس کی یومیہ پیداوار 380 ملین مکعب فٹ سے زیادہ ہوجائے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’پیٹرو کیمیکل سیکٹر کی جامع حکمت عملی اس وقت آخری مرحلے میں ہے۔‘
وزیر توانائی نے بتایا کہ ’توانائی نظام کا ایک ہدف امدادی پیٹروکیمیکل صنعت میں وسعت پیدا کرنا ہے تاکہ پیٹروکیمیکل کی مقامی مارکیٹ 15 فیصد سے بڑھ کر 40 فیصد تک پہنچ جائے۔‘
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں