Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’عنقریب گمنامی میں چلا جاؤں گا فوج سے روحانی رابطہ رہے گا‘

پاکستان کے سبکدوش ہونے والے جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ نے اپنے الوداعی خطاب میں کہا ہے کہ ’میں بھی عنقریب گمنامی میں چلا جاؤں گا لیکن میرا روحانی رابطہ فوج سے قائم رہے گا۔‘
منگل کو جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں منعقدہ کمان کی تبدیلی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ’اللہ کا شکرگزار ہوں کہ اس نے مجھے اس عظیم فوج کی خدمت کا موقع دیا جس نے میرے ہر حکم پر لبیک کہا۔ میں نے ان سے جہاں پسینہ مانگا انہوں نے خون دیا، ان کی قربانیوں کی وجہ سے آج ملک امن کا گہوارہ ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’جنرل عاصم منیر کو آرمی چیف کے عہدے پر تعینات ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں اور ان کے لیے دعاگو ہوں۔ توقع ہے جنرل عاصم منیر کی قیادت میں فوج ترقی کی منزلیں طے کرے گی۔‘ 
جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ’خوشی ہےکہ فوج ایک مایہ ناز اور قابل افسر کے حوالے کر کے جا رہا ہوں۔ جب فوج کی کا میابیاں ہوگی خوشی ہو گی اور جب فوج پر مشکل وقت آئے گا میری دعائیں پاک فوج کے ساتھ ہوں گی۔‘
انہوں نے سابق امریکی فوجی افسر ڈگلس میک آرتھر کے قول کا حوالہ دیا کہ ’پرانے فوجی مرتے نہیں بلکہ منظر سے ہٹ جاتے ہیں، میں بھی عنقریب گمنامی میں چلا جاؤں گا لیکن میرا روحانی تعلق فوج سے قائم رہے گا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ آج سے 44 سال پہلے میرا فوجی سفر شروع ہوا جو اختتام پذیر ہورہا ہے، اپنی فوج پر فخر ہے جو کم وسائل کے باوجود سیاچن سے لے کر صحرا تک سرحدوں کی حفاظت کرتی ہے۔‘

شیئر: