Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وزیر دفاع کی ہسپانوی وزیر صنعت سے ملاقات

ہسپانوی کمپنی کی طرف سے چیئرمین ریکارڈو نے دستخط کیے(فوٹو، ایس پی اے)
سعودی وزارت دفاع اور جنرل اتھارٹی برائے ملٹری انڈسٹریز نے ہسپانوی کمپنی ’ناوانتیا‘ کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کردیے۔ 
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزارت دفاع کی طرف سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط معاون وزیر دفاع ڈاکٹر خالد البیاری اور جنرل اتھارٹی برائے ملٹری انڈسٹریز کی جانب سے گورنر انجینیئر احمد العوھلی نے دستخط کیے۔  
ہسپانوی کمپنی ’ناوانتیا‘  کی طرف سے چیئرمین ریکارڈو گارسیاباگیورو نے دستخط کیے۔ 
مفاہمتی یادداشت کا مقصد خطے میں سمندری امن و سلامتی کے استحکام اور مملکت کے سٹراٹیجک مفادات کے تحفظ کے لیے سعودی بحریہ کی استعداد بڑھانا ہے۔  
مفاہمتی یادداشت کے بموجب ھسپانوی کمپنی سمندری جہازوں کی تیاری میں سو فیصد سعودیوں سے کام لے گی اور جہازوں کی  اصلاح و مرمت اور حربی نظام کے سلسلے میں سعودی انجینیئرز سے استفادہ کرے گی۔ 
مفاہمتی یادداشت میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ نئے  جہازوں میں حربی نظام نصب کیا جائے گا۔ 

سعودی وزیر دفاع کی ہدایات کو مدنظر رکھ کر مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے (فوٹو، ایس پی اے)

معاون وزیر دفاع ڈاکٹر البیاری نے کہا کہ مفاہمتی یادداشت ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے اس تصور کو عملی جامہ پہنانے کے لیے کی گئی ہے جس کے بموجب وہ مملکت میں ترقی یافتہ سمندری صنعتوں کا ڈھانچہ قائم کرنا  چاہتے ہیں۔ 
وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان کی  ہدایات کو بھی مدنظر رکھ کر مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں۔ 
دستخط کی تقریب میں سعودی عرب کی جانب سے چیف آف سٹاف جنرل فیاض الرویلی، معاون وزیر دفاع انجینیئر طلال العتیبی، سعودی بحریہ کے کمانڈر فہد الغفیلی، وزیر دفاع کے دفتر کے ڈائریکٹر جنرل ھشام سیف، سیکریٹری دفاع ابراہیم السوید اور ڈپٹی گورنر آرمی انڈسٹریز محمد العذل موجود تھے۔ 
سپین کی جانب سے مملکت میں متعین سفیر، آرمی  اتاشی، ہسپانوی کمپنی کے ڈپٹی چیئرمین اور چیئرمین کے مشیر شریک ہوئے۔

شیئر: