نئی دہلی۔۔۔۔صدارتی انتخابات کے بارے میں اپوزیشن لیڈروں کا اجلاس ہوا جس میں کہا گیا کہ اگر حکومت نے صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی کو دوسری مدت کیلئے بھی صدر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تو اپوزیشن اپنا مشترکہ امیدوار کھڑا نہیں کریگی۔اجلاس میں کہا گیا کہ این ڈی اے ، حکومت اور بی جے پی نے اس معاملے پر اپوزیشن سے کوئی رابطہ کیا نہ مشورہ۔ اسی دوران میڈیا پر یہ خبریں آئی ہیں کہ پرنب مکھر جی کیلئے ایک بنگلہ تیار کیا جارہا ہے جہاں وہ اپنے ریٹائرمنٹ کے بعد رہائش اختیار کرینگے۔ان کے عہدے کی مدت اس سال جولائی میں ختم ہورہی ہے۔بنگلے کی تزئین و آرائش کے بعد قیاس آرائیاں ہورہی ہیں کہ وہ دوسری مدت کیلئے دلچسپی نہیں رکھتے۔ ابتک راجندر پرساد ہی ایسے واحد صدر رہے ہیں جو دوسری مدت کیلئے بھی صدر بنے تھے۔اپوزیشن لیڈروں کا کہنا ہے کہ وہ اس موقع پر کسی قسم کی قیاس آرائی اور دبا) کے ہتھکنڈہ استعمال کرنے کو نا مناسب سمجھتی ہے کیونکہ یہ سب سے بڑے آئینی عہدے کے منصب کے شایان شان نہیں۔اپوزیشن نے فیصلہ کیا کہ وہ سیاست میں مکھرجی کو نہیں گھسیٹے گی۔