او آئی سی کے جنرل سیکریٹری تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے
ابراہیم طٰہ وزیراعظم اور وزیر خارجہ سے ملاقاتیں کریں گے (فوٹو: اے ایف پی)
اسلامی ممالک کی تنظیم آرگنائزیشن آف اسلامک کوآپریشن (او آئی سی) کے جنرل سیکریٹری حسین ابراہیم طٰہ تین روزہ دورے پر پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔
پاکستانی دفتر خارجہ کے سنیچر کو جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ او آئی سی جنرل سیکریٹری کو وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کے دورے کی دعوت دی تھی۔
او آئی سی کے جنرل سیکریٹری حسین ابراہیم طٰہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقاتیں کریں گے۔
بیان کے مطابق سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طٰہ اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری او آئی سی کے ایجنڈے پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔
او آئی سی کے جنرل سیکریٹری وفد کے ہمراہ پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کا دورہ بھی کریں گے۔