ایشان کشن کی بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے کرکٹ کی تیز ترین ڈبل سینچری
ہفتہ 10 دسمبر 2022 12:36
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
دو سنچری اننگز کی بدولت انڈیا نے بڑا ہدف ترتیب دیا (فوٹو: ای ایس پی این، ٹوئٹر)
انڈیا نے تیسرے ون ڈے میچ میں بنگلہ دیش کو 227 رنز سے شکست دے دی ہے۔
انڈیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو 409 رنز کا ٹارگٹ دیا تھا، تاہم بنگلہ دیش کی ٹیم 34 اوورز صرف 182 رنز ہی بنا سکی اور اس کی پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی۔
بنگلہ دیش کے دورے پر موجود انڈین ٹیم ابتدائی دونوں میچ ہارنے کے بعد سیریز سے تو ہاتھ دھو بیٹھی، لیکن تیسرے اور آخری میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بڑا ٹوٹل سجانے میں کامیاب رہی۔
انڈین ٹیم کے سکور بورڈ پر غیرمعمولی ہدف سجانے کا سہرا نوجوان بلے باز ایشان کشن کے سر رہا، جنہوں نے 10 چھکوں اور 24 چوکوں کے ساتھ 131 گیندوں پر 210 رنز بنائے۔
ٹویپس نے نوجوان بیٹر کو ان کی ڈبل سنچری کی مبارکباد دی تو کئی افراد نے امکان ظاہر کیا کہ اگر ایشان کرشن 50 اوورز تک وکٹ پر رہتے تو بعید نہ تھا کہ وہ 300 سے زائد رنز بنا لیتے۔
![](/sites/default/files/pictures/December/36491/2022/screenshot_370.png)
انڈین بلے باز کی ڈبل سنچری اننگز ون ڈے کرکٹ کی تیز ترین بیٹنگ رہی۔ 126 گیندوں پر یہ کارنامہ انجام دے کر انہوں نے کرس گیل کا ریکارڈ توڑا ہے جو 138 بولز پر ڈبل سنچری کر چکے ہیں۔
![](/sites/default/files/pictures/December/36491/2022/screenshot_371.png)
وراٹ کوہلی نے بھی 113 رنز کے ساتھ سنچری اننگز کھیلی جس میں دو چھکے اور 11 چوکے شامل رہے۔
کوہلی نے رکی پونٹنگ کی 71 انٹرنیشنل سنچری اننگز کا ریکارڈ توڑا تو اس کا تذکرہ بھی ٹائم لائنز پر نمایاں رہا۔ یہ ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں ان کی 44ویں سنچری رہی۔
![](/sites/default/files/pictures/December/36491/2022/screenshot_367.png)
سابق انڈین کرکٹرز مناف پٹیل اور وینکٹیش پرساد نے دونوں بیٹرز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’کھیل کا یہی انداز باقی رہنا چاہیے‘۔
وریندر سہواگ بھی اس موقف کے حامی دکھائی دیے کہ ’کامیابیاں پانے کے لیے انڈین ٹیم کو اسی طریقے پر عمل‘ کرنا چاہیے۔
![](/sites/default/files/pictures/December/36491/2022/screenshot_372.png)
انڈین ٹیم کے کپتان کے ایل راہل 10 گیندوں پر آٹھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو سوشل میڈیا صارفین نے یہ بات نظر انداز نہیں کی۔
ملک زبیر نے اپنے طنزیہ تبصرے میں لکھا کہ ’کپتان کی بہترین کارکردگی نے ایشان کشن کی 210 رنز کی عام سی اننگز کو گہنا دیا ہے۔‘
![](/sites/default/files/pictures/December/36491/2022/screenshot_368.png)
ہمانشو نے انڈین بلے بازوں کو سراہا تو راہل شرما نے اسے بنگلہ دیش کی خراب بولنگ کا نتیجہ قرار دیا۔
![](/sites/default/files/pictures/December/36491/2022/screenshot_369.png)
انڈین ٹیم نے تیسرے میچ میں بنگلہ دیش کے خلاف مقررہ 50 اوورز میں 409 رنز بنائے۔
ابتدائی دو میچوں میں کامیابی کے بعد تین ون ڈے میچوں کی سیریز اپنے نام کر لینے والی بنگلہ دیشی سائیڈ 2015 کے بعد سے ہوم گراؤنڈ پر سبھی بڑی ٹیموں کو شکست دے چکی ہے۔