Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نورا فتیحی نے جیکولین فرنینڈس کے خلاف ہتکِ عزت کا مقدمہ دائر کر دیا

نورا فتیحی کی جیکولین فرنینڈس پر سازش کرنے کا الزام عائد کیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
بالی وُڈ کی معروف اداکارہ نورا فتیحی نے اداکارہ جیکولین فرنینڈس اور کچھ میڈیا کمپنیوں کے خلاف دہلی کی عدالت میں ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا ہے۔
اخبار ’ہندوستان ٹائمز‘ کے مطابق اس معاملے کا تعلق 200 کروڑ کی بھتہ خوری کے اس کیس سے ہے جس کے مرکزی ملزم سکیش چندرشیکھر ہیں۔
نورا فتیحی نے اپنی درخواست میں کہا ’یہ واضح ہونا شروع ہو گیا ہے کہ مذکورہ حریفوں نے شوبز انڈسٹری میں ان کا مقابلہ کرنے سے قاصر ہونے کی وجہ سے ان کی ساکھ کو داغدار کرنے کی کوشش شروع کر دی ہے جس سے خدشہ ہے کہ ان کا کام بند ہو جائے گا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’شکایت کنندہ ملزمان کی جانب سے کیے گئے ہتک آمیز تبصروں سے دلگرفتہ ہے۔ یہ ہتک آمیز تبصرے ابتدائی طور پر ملزم نمبر ایک (جیکولین فرنینڈس) کی طرف سے کیے گئے تھے اور دوسرے ملزمان نے اسے پھیلایا۔‘
’یہ سب ایک دوسرے کی ملی بھگت سے کام کر رہے تھے اور یہ ملزم نمبر ایک (جیکولیس فرنینڈس)کی سازش تھی۔‘

یہ معاملہ کیا ہے؟

خیال رہے کہ 15 دسمبر کو انڈیا کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے کہا تھا کہ ’بالی وڈ سلیبریٹیز جیکولین فرنینڈس اور نورا فتیحی کو ایک فراڈیے کے طور پر پہچانے جانے والے سکیش چندرشیکھر کی طرف سے قیمتی تحائف دیے گئے ہیں۔‘
انفوسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ دوران حراست ملزم چندرشیکر کا بیان 14 اکتوبر کو ریکارڈ کیا گیا جس میں انہوں نے اعتراف کیا کہ انہوں نے نورا فتیحی کو ایک بی ایم ڈبلیو گاڑی ایس سیریز تحفے میں دی جسے نورا کے کہنے پر بوبی کان کے نام پر رجسٹر کرایا گیا۔
عدالت نے پیر کو جیکولیس فرنینڈس اور چندر شیکھر کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت 20 دسمبر تک ملتوی کر دی۔ مختصر سماعت کے دوران جیکولین فرنینڈس بھی عدالت میں پیش ہوئیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل عدالت نے 15 نومبر کو اداکارہ کی باقاعدہ ضمانت منظور کی تھی اور اس کیس میں انہیں گرفتار نہیں کیا گیا۔
جیکولین فرنینڈس کو انفورسمنٹ ڈپارٹمنٹ(ای ڈی) نے تحقیقات کے سلسلے میں کئی بار طلب کیا تھا اور اس مقدمے کی ضمنی چارج شیٹ میں انہیں ملزم کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔
اخبار کے مطابق چندر شیکھر مبینہ طور پر جیل حکام اور باہر کے کچھ افراد کی ملی بھگت سے دھوکہ دہی اور بھتہ وصولی کا ریکٹ چلا رہے تھے۔
گزشتہ برس ستمبر میں چندر شیکھر اور ان کی اداکار بیوی لینا ماریا پال دونوں کو دہلی پولیس نے دھوکہ دہی کے معاملے میں ان کے مبینہ کردار الزام میں گرفتار کیا تھا۔
دہلی پولیس نے اس معاملے میں اب تک 13 لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ انفورسمنٹ ڈپارٹمنٹ کو شبہ ہے کہ چندر شیکھر نے جیل میں رہتے ہوئے کئی لوگوں سے رقم وصول کی تھی۔

شیئر: