Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’بھوک نہیں مگر کھا رہا ہوں،‘ انگلش برمی آرمی ’بریانی کے گھر‘ کراچی میں

برمی آرمی کا کہنا ہے کہ انہیں بریانی کا ذائقہ بہت پسند آیا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آخری میچ دیکھنے کے لیے انگلش برمی آرمی کے اراکین بھی کراچی پہنچ گئے اور صبح سے دوپہر تک یہی سوچتے رہے کہ بریانی کہاں کھائی جائے۔
جمعرات کو ساڑھے 12 بجے برمی آرمی نے ٹوئٹر پر صارفین سے پوچھا کہ کراچی میں لنچ میں بریانی کھانی ہے۔ سب سے اچھی کہاں سے ملتی ہے؟
برمی آرمی کا یہ پوچھنا تھا کہ لوگوں نے اپنی پسند کے مطابق بریانی کی دکانوں اور ریستورانوں کے ناموں کی لائن لگا دی۔ یقیناً برمی آرمی کے اراکین کے لیے یہ فیصلہ مشکل ہو گیا ہوگا کہ اتنی سارے مقامات میں سے بریانی کھانے کے لیے کہاں کا رُخ کیا جائے؟
لیکن تقریباً دو گھنٹے بعد برمی آرمی کے اراکین یہ فیصلہ کرنے میں کامیاب ہو گئے کہ آخر انہیں بریانی کھانی کہاں ہے اور انہوں نے ٹوئٹر صارفین کو اطلاع دی کہ انہوں نے ’کراچی کی پہلی بریانی‘ کھا لی ہے۔
پھر دوپہر کو تین بجے برمی آرمی کی جانب سے ایک ویڈیو پوسٹ کی گئی جس میں ان کے دو اراکین بریانی کھاتے ہوئے نظر آئے اور ان کی طرف سے کہا گیا کہ اس کی قیمت ایک پاؤنڈ سے بھی کم ہے۔
بریانی پر تبصرہ کرتے ہوئے برمی آرمی کے رکن کا کہنا تھا کہ ’ہمیں کہا گیا ہے کہ کراچی بریانی کا گھر ہے تو پہلی مرتبہ اسے چکھنے جا رہے ہیں۔‘
انہوں نے لکھا کہ ’اس کا ذائقہ اچھا ہے‘ لیکن مصالحوں کی وجہ سے وہ یہ بھی سوچ رہے ہیں کہ کہیں بعد میں پچھتانا نہ پڑے۔
بریانی کا حوالہ دیتے ہوئے برمی آرمی کے دوسرے رکن نے کہا کہ ’یہ بہترین کھانا ہے اور میں بھوک نہ ہونے کے باوجود بھی بریانی کھا رہا ہوں۔‘

شیئر: