Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کینیڈین بندرگاہ سے 11 ارب روپے سے زائد مالیت کی افیون برآمد

کینیڈین پولیس نے یہ نہیں بتایا کہ افیون کی اتنی بھاری مقدار کہاں سے آئی۔ (فائل فوٹو: کینیڈین بارڈر سروسز ایجنسی)
کینیڈین پولیس نے ملکی بندرگاہ سے افیون کی بھاری مقدار ضبط کر لی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ضبط کی گئی منشیات کی مقدار تقریباً 2.5 میٹرک ٹن ہے جو مغربی صوبے برٹش کولمبیا کی بندرگاہ وینکوور سے گزرنے والے کنٹینرز میں چھپائی گئی تھی۔
کینیڈا کی بارڈر سروسز ایجنسی (سی بی ایس اے) نے جمعے کو رات گئے منشیات کی یہ بھاری مقدار ضبط کرنے کا اعلان کیا۔
تاہم پولیس کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ منشیات کہاں سے آئی، اور نہ ہی یہ بتایا گیا کہ آیا اس دوران کوئی گرفتاری بھی ہوئی ہے یا نہیں۔
’سی بی ایس اے کے انٹیلی جنس ایجنٹوں نے ستمبر میں رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس (آر سی ایم پی) کے منظم جرائم کے خلاف یونٹ کے ساتھ مل کر سمندری کنٹینرز پر مشتمل اہم سمگلنگ آپریشن کی تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔‘
گذشتہ کئی برسوں سے شمالی امریکہ میں افیون کی برآمد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور اس کی زیادہ تر مقدار ایشیا سے سمگل کی گئی جو کینیڈا اور امریکہ کے لیے صحت عامہ کا ایک بڑا چیلنج بن گئی ہے۔
اس حوالے سے امریکی سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول (سی ڈی سی) کی جانب سے جمعرات کو ایک رپورٹ بھی شائع ہوئی۔
اس رپورٹ کے مطابق امریکہ میں 2019 سے 2021 کے دوران 10 سے 18 سال کی عمر کے افراد کی اموات میں دو گنا اضافہ ہوا ہے اور وجہ افیون کا زیادہ مقدار میں استعمال ہے۔

شیئر: