صحرا نشین عربوں کی زندگی میں ’الھودج‘ امارت کی علامت
صحرا نشین عربوں کی زندگی میں ’الھودج‘ امارت کی علامت
منگل 20 دسمبر 2022 5:24
ماضی میں مالدار گھرانے دلہن کی رخصتی میں ھودج استعمال کرتے تھے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں کنگ عبدالعزیز کیمل فیسٹیول کے موقع پر ’الأسلحۃ عجائب گھر‘ نے ’الھودج‘ کی کہانی پیش کی ہے جس میں سیاح خصوصی دلچسپی ظاہر کر رہے ہیں۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق قدیم زمانے میں جزیرہ نما عرب کے باشندوں کی زندگی کے رسم و رواج عصر حاضر کی زندگی سے مختلف تھے۔
اس وقت امیر گھرانوں میں شادی کے موقع پر دلہن کو اونٹ کے اوپر لکڑی کے کمرہ نما کیبن میں لے جایا جاتا تھا جسے (ھودج) کہا جاتا ہے۔ شکار اور سفر وغیرہ کے مواقع پر بھی خواتین کی سواری کے لیے ھودج کا استعمال عام تھا۔
ھودج عربوں اور صحرا نشینوں کی زندگی کی پہچان مانا جاتا ہے۔ کنگ عبدالعزیز کیمل فیسٹول میں اس کا تعارف کرایا جا رہا ہے۔
خراب موسمی حالات میں خواتین، بچے اور بوڑھے استعمال کرتے تھے۔ (فوٹو عاجل)
ایک میٹر اونچا ھودج لکڑیوں کو جوڑ کر تیار کیا جاتا تھا۔ اسے خوبصورت کپڑے سے مزین کیا جاتا تھا۔ اس کی شکل گنبد جیسی ہوتی ہے۔
ھودج کا استعمال عام لوگوں کے بس کی بات نہیں تھی۔ یہ صرف مالدار لوگوں تک محدود تھا۔ ان کو لانے لے جانے، دلہن کو والدین کے گھر سے شوہر کے گھر تک پہنچانے کے لیے ھودج استعمال کیا جاتا تھا۔
یہ بچوں، خواتین اور بوڑھوں کو سفر کے دوران خراب موسم کے اثرات سے بچانے کے لیے بھی استعمال ہوتا تھا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں