نئی دہلی کے سعودی سفارتخانے میں لیبر اتاشی کی تعیناتی
سعودی عرب نے اس سے قبل تین ممالک میں لیبر اتاشی تعینات کیے تھے(فوٹو اخبار 24)
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے نئی دہلی کے سعودی سفارتخانے میں سعود آل منصور کو لیبر اتاشی تعینات کیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق سعودی عرب نے اس سے قبل تین ممالک میں لیبر اتاشی تعینات کیے تھے۔ اب ان کی تعداد چار ہوگئی ہے۔
لیبر اتاشی کی تعیناتی کا مقصد انڈیا اور سعودی عرب کے درمیان ورکرز کے معاملے میں تعاون بہتر بنانا ہے۔ ایسے انڈین باشندوں کو جو سعودی عرب میں بسلسلہ روزگار آنا چاہتے ہیں سعودی قوانین و ضوابط سے آگاہ کیا جائےگا۔
لیبر اتاشی کی ذمہ داریوں میں آجر اور اجیر کے حقوق و فرائض سے آگاہی، ورکرز کو پیش آنے والے چیلنجوں اور مسائل کا حل نیز ملازمت کے امیدواروں کی اہلیت و لیاقت کو چیک کرنا شامل ہے۔
سعودی کابینہ نے انڈیا کے سفارتخانے میں لیبر اتاشی سیکشن قائم کرنے کا فیصلہ کیاتھا۔
سعودی حکومت اپنے شہریوں کو انڈیا سے افرادی قوت کی درآمد میں سہولت فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کررہی ہے۔ ان میں سے ایک لیبر اتاشی کا تقرر بھی ہے۔