Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی ٹیم میں اظہر علی کی جگہ لینے والے کامران غلام کون ہیں؟

قائداعظم ٹرافی کے حالیہ سیزن کے آٹھ میچوں میں کامران غلام 597 رنز بناچکے ہیں۔ (فائل فوٹو: کامران غلام/ٹوئٹر)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیوزی لینڈ کے خلاف دو میچوں پر مشتمل ہوم ٹیسٹ سیریز کے لیے 16 رُکنی سکواڈ کا اعلان کردیا ہے اور اس سکواڈ میں ریٹائر ہونے والے بیٹر اظہر علی کی جگہ کامران غلام کو شامل کیا گیا ہے۔
کامران غلام کو پچھلے سال بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے بھی سکواڈ میں شامل کیا گیا تھا لیکن وہ بغیر کوئی میچ کھیلے ہی بنگلہ دیش سے واپس پاکستان آئے تھے۔
انہوں نے بنگلہ دیش جانے سے قبل انہوں نے قائداعظم ٹرافی کے 2020 اور 2021 کے سیزن میں 1249 رنز بنائے تھے۔
اس وقت ٹوئٹر پر پاکستان مین ٹاپ ٹرینڈز میں کامران غلام کا نام بھی شامل ہے اور کچھ صارفین یہ بھی جاننا چاہ رہے ہیں کہ ہیں کون اور انہیں ٹیم میں شامل کیوں کیا گیا ہے؟
کامران غلام کا تعلق خیبر پختونخوا کے علاقے اپر دیر سے ہے اور وہ اس سے قبل پاکستان کی انڈر19، ایبٹ آباد، ایٹ آباد فیلکنز اور خیبر پختونخوا کے لیے بھی کھیلتے رہے ہیں۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کامران غلام اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے سکواڈ کا بھی حصہ رہے ہیں۔ پی ایس ایل کے اگلے سیزن میں بھی کامران غلام دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز کے لیے ہی کھیلیں گے۔
ستائیس سالہ کامران غلام نہ صرف دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرتے ہیں بلکہ بائیں ہاتھ سے بولنگ کرنے والے سپنر بھی ہیں۔
قائداعظم ٹرافی کے حالیہ سیزن کے آٹھ میچوں میں کامران غلام 597 رنز بناچکے ہیں۔
اپنے فرسٹ کلاس کریئر میں کامران غلام نے اب تک 44 میچ کھیلے ہیں اور 10 سینچریوں اور 18 نصف سینچریوں کی مدد اور 47.36 کی اوسط سے 3268 رنز بنائے ہیں۔
ڈومیسٹک ٹی20 اور پی ایس ایل میچوں میں دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے بیٹر اب تک 55 میچ کھیل کر 24.94 کی اوسط اور ایک سینچری اور تین نصف سینچریوں کی مدد سے 948 رنز بنا چکے ہیں۔
بحیثیت بولر کامران غلام 44 فرسٹ کلاس میچوں میں 26 اور 55 ٹی20 میچوں میں 27 وکٹیں بھی حاصل کرچکے ہیں۔

شیئر: